ریاست میں زراعت ولائیو سٹاک کی ترقی کیلئے ویژن 2020متعارف کرایا جارہا ہے ‘وزیر زراعت

بدھ 29 جنوری 2014 13:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء)وزیر زراعت ولائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ ریاست میں زراعت ولائیو سٹاک کی ترقی کے لئے ویژن 2020متعارف کرایا جارہا ہے ۔لائیو سٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے ،اس کی ترقی ،کسانوں کی خوشحالی اور محکمے کو فعال بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔لوگوں کو چاہیے کہ وہ کاشتکاری ،مرغی بانی اور جانوروں کی افزائش پر توجہ مرکوز کریں ہم کب تک راولپنڈی اور مانسہرہ کی منڈیوں کی طرف دیکھتے رہیں گے ۔

کچن گاڈنز کو فروغ دیا جائے،محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی اچھی ہے افسران مزید محنت کریں ،میرے محکمے کے افسران واہلکاران میرے بازو ہیں۔ان کی مشکلات کا ازالہ میں کروں گانتائج دینا ان کاکام ہے۔وزیرزراعت ولائیوسٹاک نے ان خیالات کااظہار ایس اوایس ویلج ماکڑی میں دیہی علاقوں میں غریب خواتین کے لئے مرغیاں پالنے کے پروگرام کے تحت غریب وبے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے میں پولٹری شیڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو محکمہ لائیوسٹاک نے وزیرزراعت کی خصوصی ہدایت پر فراہم کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق احمد قاضی ناظم محکمہ لائیوسٹاک ،ڈاکٹر اشرف قریشی ناظم زراعت،ڈاکٹر ظفیر،ڈاکٹر مطلوب حسین راجہ،ایس اوایس کی انچارج شمیم اعظم،شمشاد بخاری ودیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت ولائیوسٹاک سید بازل علی نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر مطلوب راجہ نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں غریب اور نادار خواتین میں مرغیان تقسیم کرنا تھا جس کے لئے محکمے نے ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے 50ہزار مرغیاں تقسیم کرنے کا منصوبہ شروع کیاتھا۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں یہ منصوبہ اب اختتامی مراحل میں ہے اور تمام حلقوں کے ارکان اسمبلی کی مشاورت سے یہ منصوبہ مکمل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد خواتین کو معاشی طورپر خودمختار بنانا تھا تاکہ ایک طرف تو وہ اپنے خاندان کی غذائی ضروریات پوری کرسکیں جبکہ دوسری جانب اس سے پیسے بھی کما سکیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر حکومت کے حکم پر غریب اور نادار بچوں کے اس سینٹر میں بھی لےئرمرغیوں کا ایک شیڈ قائم کردیاگیا ہے جس میں ایک سو مرغی رکھی گئی ہے۔

محکمے کے افسران اس کا پورا ریکارڈ رکھ رہے ہیں تاکہ جو مسائل درپیش آئیں ان کو حل کیا جاسکے۔اس موقع پر وزیرزراعت ولائیوسٹاک نے ایس اوایس ویلج کے مختلف حصے دیکھے اور بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔انہوں نے ایس اوایس کی انچارج کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ وہ معاشرے کے ایک ایسے طبقے کی خدمت کررہی ہیں جن سے دنیا وآخرت دونوں کی بھلائی ہے۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ لوگوں میں اب یہ شعور اجاگرکرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ہاتھ سے کام کرنے کو ترجیح دیں ہم کب تک راولپنڈی اور مانسہر ہ کی منڈیوں کی طرف دیکھتے رہیں گے گھروں میں سبزیاں اگائیں ،مرغیاں پالیں،پھلدار درخت لگائے جائیں ،زراعت کی طرف لوگ آئیں اس میں ہماری بقاء ہے۔

انہوں نے ناظم زراعت کو ہدایت کی کہ ایس اوایس ویلج کے اطراف پھلدار پودے لگائے جائیں تاکہ ان کو فائدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ یتیم وبے سہارا بچوں کے لئے اور بھی جو کچھ بن سکا کیا جائے گا۔اس موقع پر ایس اوایس ویلج کی انچارج محترمہ شمیم اعظم نے وزیر زراعت ولائیو سٹاک کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔