زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر کرتی ہیں‘سابق صدرراجہ محمد ذوالقرنین

بدھ 29 جنوری 2014 13:59

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء) سابق صدر آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان نے کہا ہے کہ حاجی محمد سلیم نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی قائم کر کے ایک روشن مثال سب کے سامنے پیش کی ہے کارڈیالوجی سنٹر کو دل کے امراض کے علا ج کے لیے سپیشلائز ڈ ہسپتال کے طور پر ترقی دینی چاہیے مجھے یہ سن کر انتہائی افسوس اور صدمہ ہوا ہے کہ بعض شر پسند لوگ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی تباہ و برباد کرنے کی نیت سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل وارڈ ز کو کے آئی سی میں منتقل کرنا چاہتے ہیں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کا تعلق میرپور ہی کی دھرتی سے ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اس انتہائی حساس اور سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لے کر حاجی محمد سلیم کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی کو خود مختار حیثیت دیتے ہوئے بورڈ آف گورنرز بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی ادارہ کشمیر امراض قلب حاجی محمد سلیم سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔راجہ ذوالقرنین خان نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر کرتی ہیں اور ان کے بنائے ہوئے مختلف پراجیکٹس کو ترقی دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہیں حاجی محمد سلیم نے برطانیہ سے آکر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی خدمت کیلئے دس کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کر کے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی بنا کر دیااب حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ حاجی محمد سلیم کی خواہش کے مطابق اس ادارے کی مزید امداد کے لیے بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا جائے اور اس ادارے کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سے علیحدہ کر کے خود مختار مکمل کارڈ یالوجی ہسپتال بنانے کی پلاننگ کی جائے ۔

راجہ ذوالقرنین خان نے کہا کہ نیکی کے اس کام میں اور میرے تمام ساتھی حاجی محمد سیلم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں او رہم سازشی عناصر کو وارننگ دیتے ہیں کہ نیکی کے اس عظیم منصوبے اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے بننے والے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی میں دیگر وارڈز شفٹ کرنے سے باز آجائیں ورنہ ان سے ہم سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ۔راجہ ذوالقرنین خان نے کہا کہ میں نے اپنے دور صدارت میں صحت او رتعلیم کو اپنی ترجیحات میں صف اول میں رکھا تھا اور اسی حوالے سے میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تھا حاجی محمد سلیم اکیلے نہیں ہیں راجہ ذوالقرنین اور آزادکشمیر بھر کے غیور باسی ان کے ساتھ ہیں ۔