کہوڑی پٹہکہ بائی پاس روڈ کی بحالی کاکام ٹھیکیداران کو عدم ادائیگی کیوجہ سے دوبارہ بند

جمعہ 31 جنوری 2014 13:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء)کہوڑی پٹہکہ بائی پاس روڈ کی بحالی کاکام چند روزجاری رہنے کے بعد ٹھیکیداران کو عدم ادائیگی کیوجہ سے دوبارہ بند۔ حلقہ کے منتخب نمائندگان اورچیف انجینئر شاہرات کی عدم دلچسپی کیوجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ۔ شاہراہ گزشتہ آٹھ ماہ سے مسلسل بند۔ عوام کی جانب سے چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق کہوڑی بائی پاس روڈ جو کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے بند ہے عوام علاقہ کی جانب سے ہڑتال کی کال دئیے جانے پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی بحالی کے احکامات دئیے تھے۔ جس پر سڑک کی بحالی کا کام شروع ہوا مگر فنڈز کی عدم دستیابی اور ٹھیکیداران کو عدم ادائیگی کیوجہ سے کام صرف چند دن ہی جاری رہ سکا۔

(جاری ہے)

سڑک کی بحالی کا کام ابھی چالیس فیصد بھی ممکن نہیں ہو سکا تھا کہ دوبارہ کام بند کر دیا گیا۔

ٹھیکیداران کا اظہار ہے کہ انہیں ادائیگی نہیں کی جا رہی جسکی وجہ سے وہ اپنی مشینری واپس لے جا رہے ہیں۔ سڑک کی بحالی کے کام میں تعطل پر عوام علاقہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔عوام نے کام روکے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پہلے کی طرح ایک مرتبہ پھر اس معاملہ پر نوٹس لیں اور کام دوبارہ شروع کروائیں تاکہ انکی مشکلات میں کمی ہو۔عوام علاقہ کا مزید کہنا تھا کہ حلقہ کے منتخب نمائندگان اور محکمہ شاہرات کے ارباب اختیار کی عدم دلچسپی کیوجہ سے بائی پاس روڈ ابھی تک بحال نہیں ہو سکی۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ شاہراہ کی بحالی کا کام اگر تین دن کے اندرشروع نہ کیا گیا تو وہ شاہراہ نیلم بلاک کر کے بھرپور احتجاج کریں گے۔