کشمیری شہداء کامقدس لہو ضرور رنگ لائیگا،حق خودارادیت مل کرکے رہیگا،چوہدری عبدالمجید

پیر 3 فروری 2014 17:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء)وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کامقدس لہو ضرور رنگ لائے گا۔کشمیریوں کے حق خودارادیت مل کرکے رہے گا۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حق خودارادیت کے حصول تک چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔

ان خیالات کااظہار وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیرسکل ڈویلپمنٹ سنٹر مہاجرکیمپ مانک پیاں کے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا۔اس موقع پر وزیرزراعت سید بازل علی نقوی،وزیر بحالیات عبدالماجد خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مہاجر کیمپوں میں صاف پانی کی فراہمی ،تعلیمی اداروں کا قیام اور دیگر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مہاجر کیمپوں میں تمام جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین بھائیوں کو یہاں مہاجر ہونے کا احساس نہیں ہونے دیں گے۔ا تمام مہاجرین کو رہاشی سہولتیں فراہم کریں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے پہلی مرتبہ کشمیری مہاجرین کو مفت مالکان حقوق فراہم کیے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیری مہاجرین ہمارے جسم کا حصہ ہیں۔کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کے اس نازک موڑ پر ہم سب کو متحد ہوکر جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ حکومت پاکستان اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کو ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔حکومت آزادکشمیر اور کشمیری عوام نے پاکستان کی مضبوطی و استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کرادار ادا کرتے رہیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مرکزی انجم تاجراں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کے تمام حل طلب معاملات کو یکسو کیا جائے۔مظفرآبا دکے عوام سے کیے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کیا جارہا ہے۔مظفرآباد تحریک آزادی کا کیپیٹل ہے اسے دنیا کا جدید ترین شہر بنا دیں گے۔اہلیان مظفرآباد کو تمام جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہاکہ مہاجرین مقبوضہ کشمیر کا ملازمتوں میں کوٹہ مختص ہے۔مہاجرین مقبوضہ کشمیر کو آزاد کشمیر کے تمام شعبوں میں نمائندگی دیں گے۔مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین کو آزاد کشمیر کے عوام کی طرح تمام جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔وزیر اعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ ریاستی انتظامیہ مہاجرین کے معاملات کے حل کے لیے مشنری جذبے سے اقدامات کرے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیریہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر،وزیر زراعت سید بازل علی نقوی،وزیر بحالیات ماجد خان،آزاد کشمیرکے چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ چوہدری فیاض اختر،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار نعیم شیراز،سیکرٹری سروسز چوہدری منیر حسین ،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمود اعوان،سیکرٹری اسمبلی چوہدر ی بشارت،سیکرٹری ورکس الیاس عباسی،چیف انجینئر ملک اصرار،چیف پلاننگ آفیسر شمون ہاشمی اور دیگر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔