ریاستی جبر کے ذریعے کشمیریوں کے حق کو چھینا نہیں جا سکتا‘وزیراعظم

منگل 4 فروری 2014 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ریاستی جبر کے ذریعے کشمیریوں کے حق کو چھینا نہیں جا سکتا۔ کشمیری عوام حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جرات مندانہ موقف اپنایا۔ وزیراعظم پاکستان سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

ہم ان کے ویژن کو سلام کرتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان میثاق جمہوریت پر عمل پیرا ہیں۔ان کی حکمت عملی سے پاکستان کو معاشی اور سیاسی استحکام ملاہے۔ ساری دنیا میں پاکستان اور کشمیری عوام 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے جس عزم کا اظہار کرتے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منزل ہے۔کشمیری عوام پاکستان کے استحکام کے لیے لہو کا آخری قطرہ بہا دیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ کشمیری اور پاکستانی یک جان ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کشمیر کے لہو کی وارث ہے۔ ہم کشمیریوں کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی سے ساری دنیا میں پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی جدوجہد کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں۔ کشمیری عوام جنگ کے خلاف ہیں۔ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے لیے پر امن جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔

بھارت کی آٹھ لاکھ پیرا ملٹری فورسز کشمیریوں کو زیادہ عرصے تک منزل سے دور نہیں رکھ سکتیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ کشمیری عوام اس حق پر کبھی کمپرومائز نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور 18 کروڑ عوام اہل کشمیرسے جس طرح اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اس پر پاکستانی ملت کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر سے پاکستان کو بہنے والے دریا کشمیری شہداء کے لہو سے رنگین ہیں جو پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیری عوام پاکستان کے استحکام و خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔