وزیر اعظم کے قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب سے کشمیری عوام کو نیا حوصلہ ملا ہے ،چوہدری مجید

بدھ 5 فروری 2014 17:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے دورہ مظفرآباد اور آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزادجموں وکشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب سے کشمیری عوام کو نیا حوصلہ ملا ہے۔ پاکستان کی قوم اور حکومت نے ہمیشہ کشمیریوں کے منصفانہ اور حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے جس پر ہم شکر گزار ہیں۔

ایک مضبوط، مستحکم اور جمہوری پاکستان کشمیریوں کا بہتر وکیل ہو سکتا ہے۔ جمہوریت کی بحالی، ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے نواز شریف کی جدوجہد تاریخی ہے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کر کے ملک کو ئنی راہ پر ڈالا۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزادجموں وکشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس کی صدارت سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق نے کی۔ا جلاس میں صدر آزادجموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید، وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم پاکستان سے نیلم جہلم ہائیڈرل منصوبے سمیت منگلا ڈیم واٹر یوزچارجز میں اضافہ، متاثرین منگلا ڈیم اور متاثرین زلزلہ کے مسائل حل کرنے اور آزادکشمیر کو ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کیلئے 10ارب روپے کے اضافہ فنڈز دینے کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی قیادت نے عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کر رکھا ہے اور اب بھارتی قیادت 66سال گزرنے کے باوجود اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کر رہا اور مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک بھارت مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے۔

وزیر اعظم نے حکومت پاکستان کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ ملکی حالا ت کو بہتر بنائے بغیر معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر کے اندر سیاسی استحکام پیدا کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ اداء کیا۔وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنے تک کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ہر سال 5فروری کو پاکستانی قوم اور حکومت کی طرف سے یوم اظہار یکجہتی منانے پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویثرن 2025سے پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوگا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے میرپور مظفرآباد موٹر وے اورآزادکشمیر میں ریلوے لائن کے ویثرن پر بھی وزیر اعظم پاکستان کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :