ڈ کٹیٹروں کے بوٹ پالش کرنیوالوں نے آزاد کشمیرکے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا،چوہد ری عبد المجید

پیر 10 فروری 2014 16:23

تراڑکھل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء)وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہد ری عبد المجید نے کہاکہ ڈ کٹیٹروں کے بوٹ پالش کرنے والوں نے آزاد کشمیرکے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ۔گذشتہ ادوار میں عوام کے حقوق غصب کئے گئے اور آزاد کشمیرکو کھنڈرات میں بدل دیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی آزاد خطہ کے عوام سے انتخابات میں کئے جانے والے تمام وعدوں کی تکمیل کو عملی جامعہ پہنانا شروع کردیا۔

پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بے نظیربھٹو نے عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنے لہو کا نذرانہ دیا اور عوامی حقوق پر کبھی بھی کمپرومائز نہیں کیا ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو بولنے کی قوت دی پاکستان کے استحکام ، سلامتی اور عوامی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے یہاں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، سیکرٹری اطلاعات وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی، وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید، وزیر خوراک جاوید بڈھانوی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سردار عابد حسین عابد، سابق وزیر سردار اصغر آفندی اور صدارتی مشیر عنایت اللہ عارف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو ہمارا رول ماڈل ہیں انہوں نے ساری زندگی عوامی حقوق کے تحفظ اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے وقف کی۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی وجہ سے آج پاکستان میں سیاسی استحکام ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کی منزل اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی امیدوں کا محورو مرکز ہے اور ان کے دکھوں کا مداوا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کا ایجنڈہ لے کر آئی ہے اور اس ایجنڈے کی تکمیل کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس شروع کئے اور تعلیم اور صحت میں مزید میگا پراجیکٹس شروع کےئے جائیں گے۔وزیرعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت کو عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل سے بے بنیاد الزامات ڈی ٹریک نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچ پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے اور یہاں سے پیپلزپارٹی کا امیدوار ہی کلین سویپ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کے ضمنی انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے حکومت نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں تاکہ انتخابات مکمل طور پر منصفانہ ہو سکیں۔