حکمران اتحاد کاکردگی کی بناء پر بلوچ انتخابات میں کامیابی حاصل کریگا،محمد طاہر کھوکھر

منگل 18 فروری 2014 16:20

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ،جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی و وزیر ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہاہے کہ حکمران اتحاد کاکردگی کی بناء پر بلوچ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔ اپوزیشن کا واضح ناکامی دیکھ کر قبل ازوقت دھاندلی کا شور اعتراف شکست ہے۔ ایم کیو ایم اتحادی ہونے کے ناطے فہیم اختر ربانی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے کہا کہ اختر ربانی مرحوم نے اپنی ساری زندگی عوامی خدمت میں گزاری، بلوچ کی تعمیروترقی میں ان کا کردار تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ بلوچ کے عوام اگر تعمیروترقی چاہتے ہیں تو اپنے ووٹ کی طاقت سے فہیم اختر ربانی کو کامیاب کریں تا کہ وہ اپنے والد مرحوم اختر ربانی کا خدمت کا مشن جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کے پاس خالی نعروں کے عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم چودھری عبدالمجید کی قیادت میں آزادکشمیر کا حکمران اتحاد خطہ سے بیروزگاری، غربت، جہالت کے خاتمہ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ زبانی دعوؤں یا ہوائی اعلانات کے بجائے عوامی خوشحالی، خطہ کی تعمیروترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔

بڑے ترقیاتی منصوبے، شاہراہیں، پُل، میڈیکل کالج، یونیورسٹیز، تعلیمی ادارے، ہسپتال، خود روزگار سکیمیں جس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ماضی میں آزادکشمیر کے عوام کو ہمیشہ وعدوں پر ٹرخایا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الزام تراشی کے بجائے مثبت سیاست کرے، عوامی مسائل کے خاتمہ کے لیے حکومت کا ساتھ دے اور خرابیوں کی تعمیری انداز میں نشاندہی کرے لیکن اس کے رویہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں بلکہ صرف سیاسی دکان چمکانے کا شوق ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ بلوچ انتخابات کے بعد علاقہ میں تعمیروترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدرد قیادت کے فیصلہ کے مطابق فہیم ربانی کو ووٹ دیں اور ان کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں۔ ایم کیو ایم کے امیدوار قیادت کے فیصلہ کے بعد دستبردار ہو چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ تاریخی ہو گا۔

ٹرانسپورٹ، سیاحت ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں متعدد نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے جس سے روزگار کے سیکڑوں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خطہ میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے لیے بھی متعدد نئے منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ برائے نام محکمہ کو کارکردگی کے حوالے سے فعال ترین محکمہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔ وسائل دستیاب ہونے پر ٹرانسپورٹ کو حکومت کو آمدن دینے والے بڑے محکمہ میں تبدیل کردیا جائے گا۔