بھارتی ظلم وجبر اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں کشمیریوں کو اپنی منزل سے دور نہیں رکھ سکتیں ‘اسحاق چوہان

پیر 10 مارچ 2014 13:55

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء) بھارتی ظلم وجبر اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں کشمیریوں کو اپنی منزل سے دور نہیں رکھ سکتیں کشمیری ایک غیرت مند قوم ہیں اوچھے ہتھکنڈوں سے ان کا جذبہ آزادی سرد نہیں کیا جا سکتا۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق اقوام عالم کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار قومی بین المذاہب ہم آہنگی کونسل آزاد کشمیر کے آرگنائزر اسحق چوہان اور ممتاز قانون دان ممبر اسلامی نظریاتی کونسل آزاد کشمیر نذیر احمد غوری ایڈووکیٹ نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے اپنی یونیورسٹیوں سے پاکستان کا جشن منانے والے کشمیری طلباء کو بے دخل کر کے اپنی پست شرح کا ظاہر کیا ہے کشمیر طالب علموں کو تعلیمی اداروں سے نکالنے کا بھارتی فعل ناپسندیدہ ہے پاکستان میں کشمیری طلباء کے لیے دروازے کھلے ہیں وہ جب چاہیں پاکستان کی یورنیورسٹیوں میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں بھارت کے اس اقدام نے عالمی سطح پر بھارت کی جگ ہنسائی ہوئی اور اس کے جمہوریت پسند ہونے کی قلعی کھل گئی ہے بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کر دے اجلاس کے اختتام پر تحریک آزادی کشمیر اور ممبر قانون ساز اسمبلی صاحبزادہ پیر عتیق الرحمن کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔