نریندر مودی وزیر اعظم بن گیا تو ہندوستان کے ٹکڑے ٹکرے ہوجائینگے ‘فاروق عبداللہ

بدھ 23 اپریل 2014 13:26

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اپریل 2014ء)نیشنل کانفرنس کے صدر سابق کٹھ پتلی وزیراعلی فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر نریندر مودی وزیر اعظم بن گیا تو ہندوستان کے ٹکڑے ٹکرے ہوجائینگے اور وہ ٹکڑے ہمیں درختوں پر لٹکتے نظر آئیں گے۔یہ وہی شخص ہے جس نے وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔

موجودہ لوک سبھا انتخابات پورے ملک کیلئے ایک چیلنج ہے‘ راہول گاندھی ایسے ہیں جو ملک میں تمام مذاہب کے عوام کے جمہوری اور مذہبی حقوق کی پاسداری کرنے کے اہل ہیں-ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا-ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بھاجپا نے اپنے انتخابی منشور میں جہاں دفعہ 370کا خاتمہ کرکے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اعلانِ جنگ کیا ہے وہیں اس فرقہ پرست جماعت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر اور پورے ملک یکساں سول کوڈ لاگو کرنے کے مذموم عزائم سے ظاہر کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے عزائم رکھنے والا اگر وزیر اعظم بن گیا تو ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ایک سیکولر ، قابل ، تعلیم یافتہ اور دوراندیش شخصیت کے مالک ہیں اور ایسے ہی لیڈران ملک میں تمام مذاہب کے عوام کے جمہوری اور مذہبی حقوق کی پاسداری کرنے کے اہل ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ پی ڈی پی والوں نے پہلے ہی شکست بھانپ لی ہے اور اس جماعت کے لیڈران شوشے پھیلانے لگے ہیں نیشنل کانفرنس دھاندلیاں کرے گی ۔

انہوں نے پی ڈی پی والوں سے کہا کہ وہ اپنے ماضی پر بھی نظر ڈالیں اور انہیں معلوم پڑ جائے گا کہ دھاندلیاں تو دور کی مفتی سعید نے تو اپنے ساتھی 21ممبران کے خلاف الیکشن میں کھڑے دیگر امیدواروں کے OATHفارم ہی چوری کروا کے ان کی جیت کی راہ ہموار کی، جسے کشمیری قوم خالق میڈ سرکار کے نام سے جانتی ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ کشمیری قوم نے لاتعداد مظالم اور مصائب جھیلے ہیں، جو ایک درد بھری داستان ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیکر اپنی ترجمانی کے بارے میں بے فکر ہوجائیں گے کیونکہ اس جماعت کے نمائندوں نے گذشتہ لوک سبھا میں بھی ہر موقع پر کشمیری قوم کی آواز بلند کی اور اپنے ایم پی فنڈس تعمیراتی کاموں میں صرف کئے۔ اس کے برعکس پی ڈی پی کے ممبران کی کارکردگی نفی برابر رہی ، جو پارلیمنٹ کے ریکارڈ میں آج بھی درج ہے۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اور کابینہ وزیر عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات پورے ملک کیلئے ایک چیلنج ہے اور عوام کو اس بار سنجیدگی کے ساتھ اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا آیا وہ ملک کی آزادی، ملک کی سالمیت اور سیکولر روایات کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں یا پھر ملک کی تباہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ملک کی سالمیت کو زندہ رکھنے کیلئے نریندر مودی کو شکست سے دوچار کرانا ہی ہوگا کیونکہ یہ شخص دنیا کا سب سے بڑا فرقہ پرست انسان ہے۔ یہ وہی شخص ہے جس نے وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود بھی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔