مسلم لیگ( ن) کی وفاقی حکومت پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں‘راجہ زبیر خان ایڈووکیٹ

منگل 13 مئی 2014 16:34

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مئی 2014ء) آزادکشمیر مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما راجہ زبیر خان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور خیبرپختونخوا میں جاری لوٹ مار اور کرپشن کاحساب دیں غیر ملکی سروے کے مطابق مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی کارکردگی سابق حکومتوں سے کئی درجے بہتر ہے جبکہ عوام کی 60فیصد تعدادمسلم لیگ ن کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں بعض خفیہ اشاروں پر حکومت کے خلاف احتجاج اور دھرنے دینے والوں کو کل بھی عوام نے مسترد کیا اور آئندہ بھی انشاء اللہ مسترد کریں گے اور یہ بیرون ملک بیٹھ کرہی عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ لڑانے کی ناکام کوشش کرتے رہیں گے ۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

راجہ زبیر خان ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ 12مئی 2007ء پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طو پر یاد رکھا جائیگا جب پاکستان میں آئین وقانون کی سربلندی کے طور پر جانے جانے والے سابق چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمدچوہدری کے دورہ کراچی کے موقع پر 50قریب وکلاء کو زندہ جلاکرشہید کردیا یہ کچھ سب ایک آمر کی آشیرباد پر کراچی میں قابض ایک مخصوص گروپ نے کیا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی غیر جانبدار انکوائری ہونی چاہیے اور ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بعض سیاسی جماعتیں اب بھی ڈکٹیٹر شپ کو آواز دے رہی ہیں پرامن احتجاج اور مظاہرہ کرنا سب کاحق ہے لیکن اس احتجاج کی آڑ میں اپنے مخصوص ایجنڈے کو نافذ کرنا کسی بھی طرح درست نہیں ایک سال گزرنے کے بعد جن جماعتوں نے انتخابات کی شفافیت کے بارے سوال اُٹھایاہے انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان کی عدالتوں میں جائیں اور باقاعدہ ثبوت لے کررٹ کریں کیونکہ عدلیہ آزاد ہے اورانہیں انصاف ملے گا ۔