عوام کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ریاستی مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے،سید بازل علی نقوی

ہفتہ 17 مئی 2014 16:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17مئی 2014ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ریاستی مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔لوگوں کو بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ تعلیم ،صحت ،اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ عوامی حکومت کا عزم ہے کہ علاقے سے غربت ،جہالت اور بیروزگاری کو ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ ہی عوام کی بلا تخصیص خدمت ہے جس کیلئے انہوں نے پاکستان کے پسے ہوے طبقے کی آواز کے طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب شہید قائد نے پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا حق دیا تو اس سے عام آدمی کے گھر میں بھی خوشحالی آئی جس کے اثرات آج تک قائم ہیں۔ انہوں نے کہا ہم عوام کی بھلائی اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے ہر اقدام کرینگے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں حکومت نہ صرف انقلابی اقدامات کر رہی ہے بلکہ اس کی تمام پالیسیوں کا محور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے قیام سے آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنے قیام کیساتھ ہی دو میڈیکل کالجز کا آغاز کیا اور وویمن یونیورسٹی سمیت ڈگری کالجز کا قیام بھی عمل میں لایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپوزیشن کے ممبران کی رائے کا احترام کرتے ہیں اور ان کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔

اپوزیشن ممبران کی تجویز پر سیالکوٹ میں کشمیر سینٹر کا قیام عمل میں لایاگیا ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو یہ بات زور دیکر کہی کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور صبرو تحمل سے کام لیں،کارکنوں کی رائے اور تجاویز پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نادار اور معاشر ے کے پسماندہ طبقے کو ریلیف فراہم کیا جو پیپلز پارٹی کی غریب دوستی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر میں مفاہمتی عمل کو آگے بڑھایا جائیگا کیونکہ اس میں ترقی کا راز ہے۔