اگر وسائل فراہم کیے گئے تو محکمہ امداد باہمی کے ذریعہ آئندہ دو سالوں میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کروں گا‘طاہر کھوکھر

منگل 27 مئی 2014 16:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مئی 2014ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی ، وزیر ٹرانسپورٹ و امداد باہمی محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ اگر وسائل فراہم کیے گئے تو محکمہ امداد باہمی کے ذریعہ آئندہ دو سالوں میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کروں گا۔ جس سے آزاد خطہ معاشی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔

اپنے دفتر میں نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ و امداد باہمی محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزادکشمیر میں قدرتی وسائل اور باصلاحیت افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ۔ صرف وقتی ذاتی، سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی جذبہ اور نیک نیتی سے سوچنے اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اس وقت آزادکشمیر میں ایک لعنت اور ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

ہر سال ہزاروں نوجوان یونیورسٹیز سے ڈگریاں لے کر روزگار کے لیے دربدر پھر رہے ہیں اور ان کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ان نوجوانوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اکثریت مایوس ہو کر منشیات اور جرائم کی جانب راغب ہو رہی ہے اور یہ باصلاحیت نوجوان معاشرے پر بوجھ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے موٴثر حکمت عملی طے کرنے کی ضرورت ہے۔

آزادکشمیر میں روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ سرکاری ملازمتیں ہیں۔ حکومت ہر شخص کو سرکاری ملازمت فراہم نہیں کر سکتی۔ بڑے سرمایہ کار آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں اور آزادکشمیر میں دستیاب قدرتی وسائل سے استفادہ بھی حاصل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عوامی حکومت بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ہائیڈرو پاور جنریشن ، سیاحت، ٹرانسپورٹ میں بڑے پراجیکٹس شروع کیے جا رہے ہیں۔ جس سے روزگار کے سیکڑوں مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ امداد باہمی کے ذریعے وسائل دستیاب ہونے پر آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں زراعت، لائیو سٹاک، گھریلو صنعتوں کے فروغ ، سیاحت و دیگر شعبہ جات میں بڑے پیمانہ پر معاشی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ جس سے توقع ہے کہ روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے اور آزاد خطہ خود کفالت کی منزل حاصل کرے گا۔