کیپٹن سرفراز خان مرحوم کی جلائی شمع ہمیشہ روشن رہے گی‘راجہ امتیاز علی خان

بدھ 4 جون 2014 12:44

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جون 2014ء) وائس چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ و رہنما مسلم لیگ ن راجہ امتیاز علی خان نے کہا ہے کہ کیپٹن سرفراز خان اعلیٰ اوصاف کے مالک ایک عظیم رہنما تھے مرحوم نے پوری عمر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد کی۔ مرحوم کی جلائی شمع ہمیشہ روشن رہے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8جون 2014کومرحوم کی برسی بھرپور عقیدت واحترام کے ساتھ منائیں گے۔ کیپٹن سرفراز خان نے اپنی ساری زندگی کشمیری عوام کی عزت و وقار اور آزادی کے لیے جدوجہد کی کشمیری عوام کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ان جیسی عظیم شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی بالعموم اور اہلیان ضلع میرپور کے لیے بالخصوص ان کی خدمات تاریخ کا حصہ ہیں۔

متاثرین منگلا ڈیم اور اہلیان ضلع میرپور کے مسائل اور ان کے حل کے لیے مرحوم نے لازوال جدوجہد کی۔تارکین وطن ہوں یا مہاجرین جموں وکشمیربلا امتیاز خدمت کیپٹن سرفراز خان کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ اہلیان میرپور کے سیاسی حقوق کیلئے ان کی آواز ہمیشہ سب سے بلند رہی حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، کیپٹن سرفراز خان نے ہمیشہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی ان کی جرات و بے باکی کی وجہ سے حکومتیں اور اعلیٰ انتظامی آفیسران ہمیشہ ان سے خائف رہتے تھے یہی وجہ تھی کہ حکومت اور انتظامی افیسران ان کی بات کو پوری توجہ سے سنتے اور اس پر عمل کرتے تھے۔