متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل کا حل نہ ہوناظلم اور انتہائی نا انصافی ہے،عبدالرشید ترابی

منگل 10 جون 2014 15:16

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جون 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل تا حال حل نہ ہونا ظلم اور انتہائی نا انصافی ہے،اہل میرپورنے دومرتبہ اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو ڈبو کو کشمیر اور پاکستان کو روشن کیا،حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سٹی کے سیکٹرA,Bاور Fکے مکینوں کے ساتھ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع مولانا عتیق الرحمن بھی موجود تھے ،نیوسٹی میں آباد ہونے والے نئے آباد کاروں نے عبدالرشید ترابی کو مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ شدید مسائل کا شکار ہیں حکومت اس کے ادارے اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے ہوتے ہوئے ہمارے مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ظلم اور نا انصافی کا بازار گر م ہے میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے،جب تک اس نظام کو تبدیل نہیں کریں گے ہماری حالت بہتر نہیں ہو سکتی،انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی سنت بھی ہے کہ جب تک لوگ کھڑے ہو کر اپنے حالات خود بدلنے کی کوشش نہیں کریں گے تو اللہ کی طرف سے مدد نہیں آئے گی اللہ بھی ان کی مدد کرتے ہیں جو اپنی حالت خود بدلنے کی جدوجہد کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس نظام کو ختم کر کے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے آپ لوگ اس کے دست وبازو بنیں اس میں شامل ہوں تا کہ رائے عامہ منظم کر کے حقیقی انقلاب برپا کیا جائے،انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کے عوام پر دوہری ذمہ داری ہے ایک یہاں کے حالات بہتر کرنا عوام کے مسائل حل کرنا اور دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ بقیہ کشمیر کو آزاد کروانا اور ہندوستان کے پنجہ استبداد سے اپنے بھائیوں کو نجات دلانا،یہ خطہ اپنے آباؤ اجداد نے اسلام کے لیے حاصل کیا تھا اور ابھی تک وہ مقاصد حاصل نہیں ہوئے جس کے لیے قربانیاں دی گئیں تھیں انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے 1947ء میں علاقوں برادریوں کے تعصبات سے بالاتر ہو کر جدوجہد کی تھی اسی طرح ایک بار پھر اس نظام کی تبدیلی کے لیے بھی تمام تعصبات سے بالا تر ہو کر جدوجہد کریں تا کہ اسلام کا عادلانہ نظام کا نفاذ ہو اور عوام کے مسائل حل ہوں۔