ملازمین ریاست کی مشینری حکومت ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرے،محمودالحسن چودھری

جمعہ 20 جون 2014 20:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ ملازمین ریاست کی مشینری ہیں حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے،ریاست کے تمام ملازمین ہڑتالوں پر ہیں مگر کسی کے کان پر جو تک نہیں ریگ رہی ہے ،ملازمین حکومت کے نہیں ریاست کے ہیں وہ اپنے فرائض دلجمی اور احساس ذمہ داری سے ادا کریں،حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملازمین کے جائز مطالبات پورے کرے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع راجہ فاضل تبسم نے بھی خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود الحسن چودھری نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی مدینہ طرز کی ایک ماڈل ریاست قائم کرنا چاہتی ہے تا کہ مخلوق کو اجتماعی اور انفرادی انصاف کے ساتھ اللہ کا نظام قائم کیا جائے اسلامی ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی جان مال اور عزت کی حفاظت کرے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسی اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے جس میں عدل و انصاف کا بول بالا ہو میرٹ پر ملازمتیں ملیں نیکی کرنا آسان اور برائی کرنا مشکل ہو ،بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنا ان کو گزارہ الاونس فراہم کرنا عوام کی صحت اور تعلیم کا بندوبست کرنا یہ ریاست کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر حکومت صرف نظام زکوۃٰ درست کر لے تو کوئی فرد بھوکا نہ رہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے نکلی ہے اور عوام کو اسی طرف دعوت دے رہی ہے وہ اللہ کے دین کی طرف آئیں انہوں نے کہا کہ کارکن دین کی دعوت ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں۔