سردار غلام صادق کی زیر صدارت آزادجموں و کشمیر قانون سازا سمبلی کا اجلاس، زکواۃ کونسل کے قواعد کے مطابق یتیم،نادار اور مفلوک الحال بچیوں کی شادی کیلئے سالانہ بنیاد پر رقم چیئرمین حلقہ زکواۃ وعشر ہا ء کو مہیا کی جاتی ہے ،وزیر زکواۃ وعشر

جمعرات 26 جون 2014 17:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2014ء) آزادجموں و کشمیر قانون سازا سمبلی کا اجلاس سپیکر سردار غلام صادق کی صدارت میں تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران چوہدری طارق فاروق کے سوال کے جواب میں آزادکشمیر کے وزیر زکواۃ وعشر افسر شاہد نے اپنے جواب میں بتایا کہ زکواۃ منافع میزانیہ میں صوابدیدی فنڈ کی مد میں 2012-13میں وزیر اعظم ؍چیئرمین زکواۃ منافع فنڈکی صوابدید پر 2,50,00,000/-روپے مختص تھے۔

نظر ثانی میزانیہ کے تحت دوران مالی سال 5,51,71,000/-روپے کی ادائیگی ہوئی۔ جس کے لیے باقاعدہ حکومتی نوٹیفیکیشن جاری ہوا۔انہوں نے کہا کہ قواعد کے تحت فاہم کردہ رقم کی تقسیم وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے جس کا آڈٹ بھی وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں ہوتا ہے اس لیے کی گئی ادائیگیوں کی تفصیل وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سردار میر اکبر خان کے سوال کے جواب میں وزیر قانون اظہر گیلانی نے کہا کہ گزشتہ تین سال2013,2012,2011اور اس سے پیوستہ تین سالوں2010,2009,2008کے دوران باغ شہرمیں ڈکیتی،سرقہ بالجبر،نقب زئی، سرقہ عام،اغوامستورات اور منشیات کے کل 149مقدمات درج کیے گئے۔

ان واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ دن رات کی گشت کو Round the Clockرکھنے کے علاوہ گشت کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لیے روزانہ کی بنیادپر ایک جنرل ڈے آفیسر اور تھانہ جات سے 1/1آفیسر(عہدیدار) کو مامور کیا جاتا ہے اور شہر کے اندر آنے والے تمام راستوں (انٹری پوائنتس) پر ناکہ بندی کو موثر رکھا گیا ہے۔

ضلع باغ میں ہفتہ وار ناکہ بندی پوائنٹ مقرر کیے جا کر جرام پیشہ افراد کی کڑی نگرانی رکھی جاتی ہے۔ جرائم کی روک تھام اور ان کے سدباب کے لیے ہمہ وقت احکام اور ہدایات جاری ہوتی ہیں جن پر کماحقہ عملدرآمد ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی طور پر جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔سردار فاروق احمد طاہر کے ایک سوال کے جواب میں وزیر زکواۃ وعشر افسر شاہد نے ایوان کو بتایا کہ زکواۃ کونسل کے وضع کردہ قواعد کے مطابق یتیم،نادار اور مفلوک الحال بچیوں کی شادی؍بیاہ کے لیے سالانہ بنیاد پر رقم چیئرمین حلقہ زکواۃ وعشر ہا ء کو مہیا کی جاتی ہے اور استحقاق کا تعین مقامی زکواۃ وعشر کمیٹی (متعلقہ) کر کے شادی؍بیاہ کے معاملات حلقہ چیئرمین کو ارسال کرنے پر ادائیگی عمل میں لائی جاتی ہے۔

یہ رقم خالصتاً مقامی زکواۃ وعشر کمیٹی کے تعین استحقاق پر مہیا ہوتی ہے اور وزراء کرام؍ممبران کی سفارش پر تقسیم نہیں ہوتی تاہم استحقاق کے تعین کی اکائی مقامی زکواۃ وعشر کمیٹی ہے جس کی سفارش پر مطلوبہ رقم مستحق افراد میں تقسیم ہوئی۔