میرپور‘نیوجنیال میں علاقہ معززین کا میر صدیق کی گاڑی جلانے والے ملزمان کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار

بدھ 2 جولائی 2014 15:36

میرپور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2جولائی 2014ء)نیوجنیال میں علاقہ معززین کا میر صدیق کی گاڑی جلانے والے ملزمان کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار ۔ دوہفتے گزرچکے ہیں لیکن تخریبی کارروائی کرنے والوں کو ابھی تک پولیس گرفتار نہیں کر سکی ۔ ایس ایس پی ایک ذمہ دار اورفرض شناس آفیسر ہیں ذاتی دلچسپی لیکر ملزمان کو قانون کے شکنجہ میں لائیں ۔

ان خیالات کااظہار نیو جنیال کے معززین چوہدری امانت ، چوہدری ناظم، ماسٹر ہدایت اللہ ، وقاص عزیز ، حافظ طالب حسین ، ذکاء اللہ ، مولوی فاروق ، چوہدری مظہر حسین ، بابا کفائت ، چوہدری کرامت اور دیگر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میر محمد صدیق سماجی شخصیت و سابق کونسلر ہیں جنہوں نے ہمیشہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیا ۔ کشمیر نیشنل کلچر ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام تعمیر ہونیوالی بلال مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی ان کا معمول کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے گاڑی مسجد کے گیراج میں کھڑی کر رکھی تھی کہ نامعلوم تخریب کار نے ان کی گاڑی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے گاڑی جل گئی ۔ اس واقعہ نے علاقہ کے رہائشیوں میں خوف کی لہرپیدا کر دی اور لوگ خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ۔ انہوں نے کہ اکہ اتنے بڑے واقع کا پولیس نے سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیا اور نہ ہی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر پولیس ایسے واقعات کو نظر انداز اور معمول کا حصہ سمجھتی رہی تو کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی میرپور راجہ عرفان سلیم ذمہ دار اور فرض شناس آفیسر ہیں جنہوں نے پیچیدہ کیسز کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور اس کے حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھے امید ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر اس معاملہ کی تہہ تک پہنچیں گے ۔ انہوں نے میر محمد صدیق کے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔