لاہورکے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

جمعرات 3 جولائی 2014 19:03

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) صوبائی دارالحکومت لاہورکے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،شاہراہوں پر بارش کے کھڑے پانی میں چھوٹی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہونے سے ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا ،رمضان بازاروں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے خریداری کیلئے آنیوالوں کوشدید مشکلات درپیش رہیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوپہر ایک بجے کے قریب شہر کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف جھل تھل ہو گیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت کے نشیبی علاقوں ڈیوس روڈ،ایمپریس روڈ،لکشمی چوک،گڑھی شاہو ،سمن آباد ،ریلوے اسٹیڈیم ، محمد نگر ،ریلوے اسٹیشن اوربیڈن روڈ سمیت دیگر مقامات پر پانی جمع ہوگیا جبکہ شاہراہوں پر کئی کئی فٹ تک پانی کھڑا ہونے سے چھوٹی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بند ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح معطل رہا ۔

واسا اہلکار مختلف علاقوں سے بھاری مشینری کے ذریعے پانی نکالنے میں مصروف رہے ۔دوسری طرف رمضان بازاروں میں بھی بارش کھڑا ہونے سے خریداری کے لئے آنے والوں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ڈویژن میں اگلے24 گھنٹوں کے دوران مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :