عیدالفطر سے پہلے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، سید علی گیلانی

پیر 7 جولائی 2014 16:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے تمام سیاسی قیدیوں کی عیدالفطر سے قبل رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظالم حکومتیں بھی ان مواقع پر قیدیوں کو رہا کرتی ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں یہ روایت بند کردی گئی ہے ۔ ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں رمضان کے مقدس مہینے میں بھی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مسرت عالم بٹ، امیرحمزہ، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، عبداللہ ناصر، عبدالغنی بٹ، اسداللہ پرے، جاوید احمد فلے، نثار احمد بٹ، عبدالمجید لون، شوکت حکیم، منظور احمد وانی، معراج الدین نندہ، مولوی سجاد اور محمد یاسین یتو سمیت تمام سیاسی قید یوں کی رہا ئی کا مطالبہ کیا ۔سید علی گیلانی نے ڈاکٹر محمد قاسم، غلام قادر بٹ، محمد شفیع شریعتی، محمد امین ڈار، محمد ایوب ڈار، انجینئر فاروق، محمد امین وانی، محمد ایوب میر، شریف الدین ریاسی، محمد سعید بٹ، پیر فیاض اور عبدالوحید نائیک سمیت فرضی کیسوں میں عمرقید کی سزائیں کاٹنے والوں کے کیسوں کا انسانی بنیادوں پر ازسر نو جائزہ لینے اور سزائیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت 690 کشمیری مختلف جیلوں میں نظربند ہیں جن میں 149 ریاست سے باہر کی جیلوں میں ہیں اور انہیں بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ 60 فیصد کشمیری نظربندوں کو کوئی مقدمہ چلائے بغیر محض احتیاطی نظربندی قوانین کے تحت جیلوں میں رکھا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جیلو ں میں کشمیری نظربندوں کو صحت کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس سے کئی قیدوں کی صحت تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے۔انہوں نے تہاڑ جیل میں قید ڈاکٹر غلام محمد بٹ، طارق احمد ڈار، محمد رفیق شاہ اور جاوید احمد فاضلی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔