کشمیر کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں‘عبدالقیوم قمر ایڈووکیٹ

جمعہ 11 جولائی 2014 12:59

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس ریلیف سیل کے چیئرمین عبدالقیوم قمر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کشمیر کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں شہداء کشمیر کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور بھارتی ظلم و ستم اور جبر و استبداد سے کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو کر رہے گا ۔ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر ،الحاق پاکستان اور استحکام پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کے احکامات اور ان کی قیادت میں یوم شہداء کشمیر اور الحاق پاکستان نہایت عقیدت و احترام اور بھرپور انداز میں منایاجائے گا۔ تمام مسلم کانفرنسی کارکن 13جولائی شام نانگی ہاؤس میں صدر جماعت کا بھرپور استعمال کریں گے ۔

(جاری ہے)

ہم مسلح افواج پاکستان کی بہادری و جراتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو دفاع پاکستان اور استحکام پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

ہمیں اپنی بہادر اور جری مسلح افواج پر فخر ہے ۔ دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف پاک فوج کے ضرب عضب آپریشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور پاک فوج کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں اور جماعتی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی خاطر لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جان کے نذرانے دئیے اور آج بھی یہ تحریک اس جزیہ کے ساتھ جاری ہے ۔

آج بھی کشمیری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے اور ظلم و ستم کے خلاف برسرپیکار ہیں ۔ آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کیے ہوئے ہے ۔ اسکے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن آئے گا جب لاکھوں شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور کشمیرایک دن بھارتی غلامی سے آزاد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ اور واحد ریاستی جماعت ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی اور اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دے گی کہ حکمران مسئلہ کشمیر پس پشت ڈالیں مسلم کانفرنس حکمرانوں کو مجبور کرئے گی کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انہیں ایک ٹھوس واضح اور دوٹوک موقف اپنانا ہو گا تبھی مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے اور خطہ میں امن آسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انتہاء پسند نریندر مودی ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کے وزیراعظم بننے سے خطہ سنگین تباہی کا شکار ہو سکتا ہے ۔ عالمی طاقتوں کوحالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر حوالے سے کردار ادا کرنا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کے حل ہی سے خطہ میں مستقل امن قائم ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی کی طرح ہر کشمیری بھی پاکستان میں امن چاہتا ہے ۔

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج پاکستان کے آپریشن ضرب عضب کی بھرپور سپورٹ و حمایت کرتے ہیں اور انکی کامیابی کیلئے دعا گو بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اور مسلم کانفرنس کے کارکنوں کو متاثرین شمالی وزیرستان آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے دل کھول کر امدادکرنی چاہیے تاکہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں حالات کا مردانہ وار مقابلہ کر سکیں۔