سجاول ضلع میں منشیات کے خلاف مئوثر کاروائی نہ ہونے سے کچے شراب ، چرس اور دیگر منشیات کی خرید وفروخت میں تیزی آگئی

ہفتہ 12 جولائی 2014 17:25

سجاول(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) سجاول ضلع میں منشیات کے خلاف مئوثر کاروائی نہ ہونے سے کچے شراب ، چرس اور دیگر منشیات کی خرید وفروخت میں تیزی آگئی ہے، جبکہ یہ مذموم کاروبار ماہ صیام کے دوران بھی زور شور سے جاری ہے، روزہ دار جہاں رمضان کی برکتوں کو سمیٹ کر عید کی خوشیاں مناتے ہیں وہاں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی طرح ماہ رمضان میں منشیات فروش بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں موالیوں کا کہنا ہے کہ فی الحال منشیات کے ریٹ بڑھادئے گئے ہیں جبکہ کچی شراب بنانے والوں نے عید کے لئے ذخیرہ اندوزی اور زیادہ مقدار میں تیاری شروع کردی ہے، ضلع بھر میں مشہور و معروف شراب کے بٹھوں پر عید کے لئے بڑے پیمانے پر کچی شراب تیار کرنے کی اطلاعات ہیں، چوھڑجمالی ، دڑو، میرپوربٹھورو، چھریٹانی ، بیلو، جار، سمیت مختلف علاقوں میں کچی شراب کی تیاری جاری ہے، ضلعی ہیڈ کوارٹر شہرسجاول میں جہاں نئی پولیس لائین کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے شہرکا سب سے بڑا شراب کا بٹھ قائم ہے، روزانہ گیلنوں کے حساب سے تیار ہونے والی شراب نہ صرف عام بیچی جارہی ہے بلکہ تھوک کے حساب سے شادیوں وغیرہ کے آرڈر بھی پورے کئے جاتے ہیں، اورمبینہ طور پر عید کے لئے کچی شراب کا اسٹاک بھی تیار کیا جارہاہے، قریبی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو تمام تر معلومات مہیا کی گئی ہیں تاہم ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کی جارہی ہے، گودام سے ملحقہ موبائل ٹاور کے نزدیک زرعی ایراضی پر گھروں کے احاطوں میں شراب کی تیاری اور پیکنگ میں گھریلو خواتین اور معصوم بچے بھی پیسوں پر کام کرتے ہیں، علاوہ ازیں مچھلی مارکیٹ اور تعلقہ اسپتال کے قریب بھی کھلے عام منشیات فروشی کی اطلاعات ہیں ،پبلک پارک کے قریب مچھلی بازار میں بھی موٹرسائیکل سوار کھلے عام کچی شراب فروخت کرتے پایا گیاہے ،ایس ایس پی سجاول کی جانب سے واضع احکامات کے باوجود پولیس کوئی کاروائی نہ کرسکی ہے، جبکہ منشیات کی روک تھام کے لئے سجاول میں قائم ایکسائز اینڈ نارکوٹکس تھانہ بھی غیر فعال ہے، اور محض کاغذی کاروائی کاروائی کی بنیاد پر چل رہاہے ،سجاول کے معروف سیاسی سماجی رہنماؤں محمد جمن، عمران ، خمیسو، آچار ،اور دیگرنے فوری طور پر منشیات کے خلاف موثر کاروائی کا مطالبہ کیاہے ،اور فوری طور پر روڈ موری ، سجاول کے کچی شراب کے اڈوں سمیت تمام ضلع بھر میں منشیات کی خرید وفروخت روکنے کا مطالبہ کیاہے، انہوں نے ایس ایس پی سجاول سے خصوصی کاروائی کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :