لبریشن فرنٹ کے راہنماؤں کا مختلف حادثات میں وفات پانے والے افراد کے خاندانوں سے اظہارِ تعزیت

منگل 15 جولائی 2014 15:39

کھوئیرٹہ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15جولائی 2014ء)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان، آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، برطانیہ زون کے سابق صدر ملک لطیف ، سینئر راہنماؤں ملک لیاقت، ملک اسلم ، شہزاد گیلانی اور دیگر نے ماہریاں جیپ حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کے گھروں میں جا کرفاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندانوں سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔

لبریشن فرنٹ کے راہنماؤں نے حادثے میں زخمی ہونے والے سینئر وکیل ملک منظور ساجد کی تیمارداری بھی کی اور ان سے حادثے میں اُنکی اہلیہ کی وفات پر دلی افسوس بھی کیا۔لبریشن فرنٹ کے زعما سرلے تتہ پانی بھی گئے اور مشہور سماجی شخصیت اور لبریشن فرنٹ کے رکن ملک قمررشید کے والدِ ملک رشید کی وفات پر فاتحہ خوانی اور غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لبریشن فرنٹ تتہ پانی کے سینئر راہنما ملک افضال، ملک عبدالرحیم، ایاز کریم، مبشر رسول اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔دریں اثنا ء لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان، چیئرمین محمد یٰسین ملک، زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی اور تمام مرکزی و زونل قیادت نے ارجہ کوسٹر حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔