کشمیر کونسل کی طرف سے احتساب بیورو کے اور اعلیٰ عدلیہ کو ٹارگٹ کرنے کی باز گشت لمحہ فکریہ ہے ‘ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری

بدھ 16 جولائی 2014 13:22

میرپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 16جولائی 2014ء)سابق صدر آزاد جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کونسل ہر دور میں آزاد کشمیر کے وسائل ہڑپ کرنے اور حکومتیں بنانے ، گرانے میں سازشوں کا گڑھ رہا ہے ۔ آزاد کشمیر کے عوام سے وصول ہونے والے ٹیکس کو سیاسی رشوت ، اقرباپروری اور بندبانٹ کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے ۔

پنجاب میں اربوں روپوں کی کشمیر پراپرٹی کو گزشتہ 66برسوں سے مال غنیمت سمجھ کر لوٹا جا رہا ہے ۔ کشمیر کونسل کی طرف سے احتساب بیورو کے اور اعلیٰ عدلیہ کو ٹارگٹ کرنے کی باز گشت لمحہ فکریہ ہے ۔ کشمیر کونسل میں ہونے والی مبینہ کرپشن رقم کرنے کیلئے اگر آزاد کشمیر کے جنگلات کی قلمیں اور دریاؤں کو سیاہی بنا دیا جائے تو پھر بھی یہ مبینہ بھیانک داستان مکمل نہیں ہو سکتی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمداکرم چوہدری نے اپنے آفس میں صحافیوں سے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ادارہ بدقسمتی سے آزاد کشمیر میں متوازی حکومت کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ آزاد کشمیر کے عوام کے خون پسینہ سے حاصل ہونے والے ٹیکس کو جعلی ترقیاتی سکیموں ، ذاتی تجوریاں بھرنے اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عیاشیوں کی نذر کر دیا جاتا ہے ۔ کشمیرکونسل وہ شکاری بازی ہے جو صرف کشمیری عوام کی جیبوں کا شکار کرتا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور قومی سلامتی کے ذمہ داری سے پرزور مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے وسائل بے رحمی سے ہڑپ کرنے والے اس ادارے کو ختم کر کے آزاد کشمیر حکومت کو بااختیار بنایا جائے ورنہ ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں ۔