اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے دی گئی رقم سے تعلیمی اداروں کے قیام کا پراجیکٹ جلد شروع کیا جارہاہے، میاں عبدالوحید

ہفتہ 19 جولائی 2014 16:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء)آزاد کشمیر حکومت کے وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بنک کے چھ ارب روپے کے تحت آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کے 1400کلاس روم اور 300عمارات کی تعمیر کا تین سے پانچ سال تک کی مدت کا پراجیکٹ جلد شروع کیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق میڈیا ایڈوائز ر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار علی شان سے ملاقات کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ ایجوکیشن فار پور کیلئے ہے جس کے تحت 272سکولز 60سکولوں کی عمارات کی تعمیر کے علاوہ ٹیچنگ سٹاف کی تریننگ کروائی جائے گی ۔ اس پراجیکٹ کا ایم او یو سائن کیا گیا ہے اس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتیاں کر دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سات سو ملین روپے آزاد کشمیر کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے دو ارب روپے کی رقم حکومت پاکستان نے دینے کا وعدہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بنک کے تحت چھ ارب روپے کے میگا پراجیکٹ کے دوفیز زہیں جن پر عمل درآمد آئندہ تین سے پانچ سال کے دوران کیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں حکومت پاکستان کی تعاون سے تعلیم و ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آزاد کشمیر میں تعلیمی ترقی ہوگی کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہتر بنانے اور مکانیت او سٹاف کی ناگزیر کمی کو پورا کرنے میں مددملے گی اور انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانے اور تعلیمی اداروں میں اچھی تدریسی سہولیات کی فراہمی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔