مظفر آباد،سیکرٹری جنگلات فرحت میر اور ناظم اعلیٰ جنگلات ملک محمد یونس حرکت میں آ گئے

ہفتہ 19 جولائی 2014 16:42

نیلم،مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء)سیکرٹری جنگلات فرحت میر اور ناظم اعلیٰ جنگلات ملک محمد یونس حرکت میں آ گئے۔دودھنیال سے راولپنڈی کیلئے تیرہ پترہ کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ایک گاڑی جورا کے مقام پر اورجبکہ دوسری گاڑی کنڈل شاہی کے مقام پر ضبط کر لی۔ قیمتی جڑی بوٹی تیرہ پترہ کی سمگلنگ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

ڈی ایف او کیرن میر نصیر ، رینج افیسر جورا بانڈی عصمت شاہ اور کیرن فاریسٹ ڈویژن فیلڈ سٹاف نے سمگلنگ میں ملوث افراد اور گاڑیوں کو ٹریس کرنے کیلئے ساری رات جاگ کر گزاری۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹریٹ جنگلات کو مخبر نے اطلاع دی تھی کہ کیرن فاریسٹ ڈویژن کے علاقے دودھنیال سے دو وی آئی پی گاڑیوں میں لاکھوں مالیت کی قیمتی جڑی بوٹی گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں لوڈ کر کے راولپنڈی کی طرف سمگل کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹریٹ کی ہدایت پر ناظم اعلیٰ جنگلات ملک محمد یونس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے کنٹرول روم کر متحرک کر دیا۔ ناظم اعلیٰ کی ہدایت پر کیرن فاریسٹ ڈویژن نے شام ہوتے ہی فاریسٹ چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی چیکنگ سخت کر دی۔ اس تمام آپریشن کی نگرانی ناظم اعلیٰ جنگلات ملک محمد یونس ساری رات خود کرتے رہے۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب رات گئے تک ایک گاڑی جورا کے مقام سے سمگل کی جانے والی جڑی بوٹی سمیت ضبط کر لی گئی جبکہ دوسری گاڑی کنڈل شاہی کے مقام پر کیرن فاریسٹ ڈویژن کے سٹاف نے فاریسٹ چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ضبط کر لی اور کیرن فاریسٹ ڈویژن کے ڈی ایف او میر نصیر نے دونوں گاڑیوں میں قیمتی جڑی بوٹی کی سمگلنگ کے اسباب معلوم کرنے کیلئے باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

سیکرٹری جنگلات کی ہدایت پر قیمتی جڑی بوٹی تیرہ پترہ اور دودھ پتری کی فاریسٹ ڈویژن ہٹیاں بالا سے آمدہ شکایات کی روشنی میں سیکرٹری جنگلات نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ذرائع نے سیکرٹری جنگلات کو بتایا تھا کہ فاریسٹ ڈویژن ہٹیاں بالا میں اہلکاروں کی ملی بھگت سے قیمتی جڑی بوٹی کی سمگلنگ کا احتمال ہے۔ جس پر ناظم اعلیٰ جنگلات ملک محمد یونس نے متعلقہ ناظمین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فاریسٹ چیک پوسٹوں پر مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ کریں اور اس کی رپورٹ مرکزی آفس کو ارسال کریں۔ یہ امر قابل ذکرہے کہ نئے سیکرٹری جنگلات کی تعیناتی کے بعد نیلم ویلی سے قیمتی جڑی بوٹی کی سمگلنگ کی روک تھام کی یہ پہلی کارروائی ہے جس میں سمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔