14اگست کاسورج بدعنوان اورنااہل حکومت سے آزادی کاپیغام لیکر طلوع ہوگا، شازیہ کیانی

پیر 21 جولائی 2014 15:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیرشعبہ خواتین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ کیانی نے کہا ہے کہ14اگست کاسورج بدعنوان اورنااہل حکومت سے آزادی کاپیغام لے کر طلوع ہوگا، جھرلو حکومت کاکانٹ ڈان شروع ہوچکا ہے۔نوازشریف کوجس مینڈیٹ کازعم ہے وہ دوسروں کاچوری کیا گیا۔14اگست کو آزاد ی مارچ ضرور ہوگا جو کہ موجودہ حکومت کا تختہ الٹ دیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ،شازیہ کیانی نے کہا کہ سونامی اب نہیں رکے گا۔ بھٹو کی پیپلز پارٹی گڑھی خدا بخش میں دفن ہو چکی ہے اور موجودہ پیپلز پارٹی زرداری کی پارٹی ہے۔شازیہ کیانی نے کہا مشکوک مینڈیٹ رکھنے والی حکومت کو عوام نے مسترد کردیا ہے وفاقی اور پنجاب حکومت کے رمضان پیکیج دھوکہ اور فراڈ ثابت ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

لوڈشیڈنگ پہلے دور سے زیادہ ہو رہی ہے۔

ن لیگ کی حکومت ناکام ہوچکی ہے پاکستانی عوام کو ایک عرصے میں بھی کوئی ریلیف نہیں دے سکی اور پاکستانی عوام ایک سال میں ہی ان سے تنگ آچکی ہے۔ بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے کون سا کام کیا ہے الیکشن میں تو کہتے تھے کہ پانی اور گیس کا مسئلہ ایک سال میں حل کریں گے مگر کچھ نہیں کیا۔ میں نواز شریف اور شہباز شریف سے گزارش کرتی ہوں کہ پاکستانی غریب عوام کی جان چھوڑ کر اپنے کاروبار پر دھیان دیں سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نوازلیگ کے سواکسی جمہوری سیاسی جماعت کو11مئی2013 کے انتخابی نتائج پراعتماد نہیں لہذا ان اسمبلیوں کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں ہے۔شازیہ کیانی نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن خارج ازامکان نہیں۔جوحکمران خودگھرجانے کی جلدی میں ہوں انہیں کون روک سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں جمہوریت ہوتی توایک سال بعد تبدیلی کیلئے تحریک شروع نہ ہوتی ۔حکمران جماعت موروثیت کی بدنماعلامت اوریہ موروثی کلچر جمہوریت کیخلاف کینسر سے زیادہ خطرناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران اپنے خاندان کے افراد کے سواکسی دوسرے پراعتماد نہیں کرتے ۔ تحریک انصاف 14 اگست کو ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھے گی۔