زراعت و لائیوسٹاک میں جو اہداف مقرر کئے ہیں انہیں حاصل کرنے کے لیے دن رات ایک کیا جائے‘وزیر زراعت و لائیو سٹاک

منگل 22 جولائی 2014 13:49

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء)وزیراطلاعات، زراعت ،لائیو سٹاک وا یسما سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ زراعت و لائیوسٹاک میں جو اہداف مقرر کئے ہیں انہیں حاصل کرنے کے لیے دن رات ایک کیا جائے ۔کرپشن پر زیر وٹالرنس کی پالیسی ہے ،کسی بھی اہلکار یا افسر نے اگر سرکاری فنڈ کا غلط استعمال کیا تو قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی ۔

تمام منصوبوں کا جائزہ خود لیتا رہوں گا اور جس مقصد کے لیے جو فنڈز ہیں وہاں ترقی نظر بھی آنی چاہیے ۔ لائیو سٹاک کے ڈیر ی فارمز کو جدید خطوط پر استوار کر کے ریاست میں جانوروں کی افزائش بڑھا ئی جا سکتی ہے جس سے کسانوں کی اقتصادی حالت بدلنے اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے ۔ہمیں زراعت کی جانب لوٹنا ہو گا اسی میں ہماری بقاء ہے ورنہ تبدیل ہوتی ماحولیاتی تبدیلیاں ساری اقتصادی ترقی کو نگل جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اپنے کھیتوں کو آباد کرکے جانوروں کو پالنے کی حوصلہ افزائی کی جائے ،محکمہ اس سلسلے میں جتنی سہولتیں فراہم کر سکتاہے وہ کی جائیں تاکہ آزادکشمیر جو ایک زرعی خطہ ہے کو اس شعبے میں خود کفیل بنایا جاسکے ۔وزیر زراعت نے ان خیالات کا اظہارایک خصوصی اجلاس میں کیا ۔اس موقع پر اعلی حکام نے وزیر حکومت کو بریفنگ بھی دی ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ یہ خطہ قدرت کی تمام تر نعمتوں سے مالا مال ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کام کی عادت اپنانی ہوگی اور دوسری جس کا جو کام ہے اسے وہ کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے زوال کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم دوست آدمی سے درست کام نہیں لے رہے اور دوسرا ہر آدمی دوسرے کے کام میں مداخلت کو اپنا فرض سمجھتا ہے ۔انہوں نے کہا اس خامی پر قابو پاکر ہم بھی ترقی یافتہ قوموں کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے زراعت اور لائیو سٹاک کے افسروں اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنا کام دیانتداری سے کریں اور اس کام کو جہاد سمجھیں کیونکہ ان پر بھاری ذمہ داری ہے کہ حکومت ان پر جو اخراجات اٹھا رہی ہے وہ اس کا فائدہ لوگوں کو پہنچائیں ۔

انہوں نے کہا کہ دفاتر میں سیاست بازی ،گروہ بندی کی وجہ سے کام کا ماحول متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پورے آزادکشمیر سے زراعت و لائیو سٹاک کے دفاتر کی رپورٹ حاصل کروں گا جس میں دیکھا جائے گا کہ کون سا علاقہ زیادہ پراگریس دے رہا ہے اور کس علاقے میں دفاتر کی کارکردگی ناقص ہے ۔انہوں نے کہا اچھا کام کرنے والوں کی مراعات میں اضافہ جبکہ بری کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاران کو سزا کے عمل سے گزارا جائیگا ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ ریاست کو زراعت و لائیو سٹاک کے میدان میں خود کفیل بنانا میرا مشن ہے اور اس کو پورا کرنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے ۔