بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی بند،سجاول کی سیکڑوں خواتین عید نہیں مناسکیں گی

بدھ 23 جولائی 2014 17:18

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو ادائیگی بندکردی گئی ،سجاول کی سینکڑوں خواتین عید نہیں مناسکیں گی، اس ضمن میں معلوم ہواہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل سجاول ضلع کی پندرہ سو سے زائد مستحق خواتین کے اکاؤنٹ کی رقم دوماہ سے روک دی گئی ہے،فی کس دس ھزار آٹھ سوروپے کی رقم کے لئے مستحقین دھکے کھانے پر مجبور ہیں، مستحقین نے بتایاکہ ان کے کارڈمیں رقم آنے کے باوجود ادائیگی نہیں کی جارہی ہے، جبکہ ادائیگی کے مراکز سے ملنے والی معلومات کے مطابق مذکورہ تمام کارڈفعال نہیں کئے گئے اور انکی رقوم ادا نہیں کی جاسکتیں، مذکورہ صورتحال میں مستحقین دربدر ہوکر رہ گئی ہیں ،جبکہ بعض دلال بھی موقع سے فائدہ اٹھاکر مستحقین کو جھانسہ دیکر ان سے پیشگی رقومات اینٹھ رہے ہیں، عید سے قبل رقم نہ ملنے کے علاوہ مستحقین مزید لوٹ کھسوٹ کا شکار ہورہے ہیں، جبکہ سیلاب زدگان کے لئے وطن کارڈ میں بھی رقوم بلاک کردی گئی ہیں، متاثرین کا کہناہے کہ فی کس بیس ہزار روپے کی دوسری قسط گذشتہ آٹھ ماہ سے بند کردی گئی ہے، ان میں صرف ایک بنک کے چار ہزار سے زائد وطن کارڈ شامل ہیں، متاثرین رقم کے لئے دربدر ہوکر رہ گئے ہیں، ضلع سجاول اور ٹھٹھہ میں تقریبن ایک لاکھ متاثرین کو جاری کئے گئے وطن کارڈ وں میں دو قسطیں مکمل روک دی گئیں ہیں اور اربوں روپے بلاک کردئے گئے ہیں، بیرونی اداروں سے موصول ہونے والی یہ امدادی رقم غائب ہوگئی ہے، سجاول ضلع میں ہزاروں وطن کارڈ والے سیلاب زدگان اور انکم سپورٹ کی مستحق خواتین عید کی خوشیاں نہیں مناسکیں گے،متاثرین نے فوری طور ادائیگی کا مطالبہ کیاہے،

متعلقہ عنوان :