میٹرک کے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات ہمارا کل ہیں ،میاں عبدالوحید

جمعرات 24 جولائی 2014 16:48

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء)آزادکشمیرکے وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات ہمارا کل ہیں پرائیویٹ سکولوں کی کارکردگی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ جبکہ سرکاری اداروں سے کروڑوں روپے ماہانہ وصول کرنے والوں کیخلاف سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ۔

چند لوگ پھرتیاں دکھا کر اپنے نمبر بنانے کے چکر میں ہیں لیکن اب ہمیں مصلحت کی کیفیت ختم کر کے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ چند افراد کو سزا اور جزاء کے پراسس سے گزارنا پڑے گا اگر ایسا نہ کیا گیا تو براوقت ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ میرپور میں میڑک کے سالانہ نتائج میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے ناموں کا اعلان کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ جلد تقسیم کریگی اور ایک بڑی تقریب میں انہیں انعامات سے نواز اجائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر افضل مرزا نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی چیز حاصل کرنے کیلئے لگن کی ضرورت ہے والدین اساتذہ اور بچوں کی مشترکہ کوششیں سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا مشکل نہیں ہے حکومت نے تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور کردارادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ دور جدیدکے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کیلئے کوالٹی ایجوکیشن کی ضرورت ہے حکومت سائنس کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے اور تمام سکولوں میں گراؤنڈ مہیا کرنے کیلئے بھی اقدمات کرے ۔