شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا‘یاسین ملک

اتوار 3 اگست 2014 15:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2014ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہیدسید عرفان الحسن شاہ اور محمد مقبول ملک کو ان کی شہادت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یاسین ملک جو سرینگر کے کوٹھی باغ تھانے میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری آزادی کے حصول کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے اور انکے مشن کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں کی تھانوں اور گھروں میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی سخت مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آزادی پسند رہنماؤں کی نقل و حرکت پر پابندی اور انہیں نظر بند رکھ کر انکے حوصلوں کو توڑا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے 31 جولائی اور یکم اگست کی درمیانی رات کو محمدیاسین ملک کے گھر سے گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظر بند کر دیا جبکہ تنظیم کے نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی بھی کئی روز سے سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار قابض انتظامیہ سیاسی طریقے سے آزادی پسند قیادت کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے۔ ترجمان نیکہا کہ کشمیری اپنے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔