بھارتی فوجیوں کی لولاب کے جنگل میں کشمیریوں کی مارپیٹ

اتوار 3 اگست 2014 15:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2014ء)مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپوارہ کے علاقے لولاب میں بھارتی فوجیوں نے چھ عام شہریوں کو جنگل میں شدید مارپیٹ کرکے زخمی کردیا جس کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔کشمیر سے آ مدہ اطلا عا ت کے مطابق ہارڈون لولاب سے تعلق رکھنے والے نذیر احمد ملہ ،عاشق حسین ، مشتاق احمد، جاوید احمد شیح ، شا ہ ولی اور بشیر احمد ملہ اپنے مویشیوں کو چرانے کے لیے جنگل لے جا رہے تھیکہ اس دوران بھارتی فوج کے18 راشٹریہ رائفلز سے وابستہ اہلکاروں نے اْنہیں رو ک کرایک جگہ جمع کیا جس کے بعد ان کی شدیدمار پیٹ کی گئی۔

ایک شہری کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے اْن کو کلہاڑیوں کے دستوں اور بندوق کے بٹوں سے مار ا جس کی وجہ سے تمام افراد شدید زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انکی چیخ و پکار سے وہاں مقامی لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے انہیں اٹھا کر زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں ان کی مرہم پٹی کی گئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس چوکی کولی گام میں شکایت درج کرائی لیکن پولیس فوج کے خلاف کاروائی کرنے میں لیت ولعل سے کام لے رہی ہے۔

لوگوں نے واقعے کے خلاف احتجا جی مظاہرہ کر تے ہو ئے فوجیمظالم روکنے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اْن کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی اہلکار بلاجواز اور مختلف بہانے بناکر لوگوں کی مار پیٹ کرتے ہیں اور اْن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔