ہندوستان کشمیریوں کو جبری طورپر غلام بنا کرنہیں رکھ سکتا‘رہنماء پی ایس ایف

پیر 4 اگست 2014 16:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اگست۔2014ء)10اگست کو پاکستان زندہ باد ریلی ریاست جموں وکشمیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔وزیراعظم پاکستان کا شاندار استقبال ہوگا۔عوام اس انتہائی تاریخی نوعیت کے دن ریلی کو انسانی سمندر بنا کر ثابت کردیں گے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ہندوستان کشمیریوں کو جبری طورپر غلام بنا کرنہیں رکھ سکتا۔

بھارتی وزیراعظم نیرندر مودی کی کشمیر آمد پر ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ کشمیری کسی بھی صورت بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔وزیراعظم پاکستان کی آمد پر جشن اور پاکستان زندہ باد ریلی کے انعقاد سے کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار دراصل الحاق پاکستان کی طرف اپنی رائے کا اظہار ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلزپارٹی پی ایس ایف، پی وائی او،پیپلزلیبر بیورو کے رہنماؤں نے کیا۔

پیپلزپارٹی اور ذیلی ونگ کے نظریاتی کارکنوں نے 10اگست کی زندہ باد ریلی کی کامیابی کے بھرپور کردار ادا کرنے کا اعلان کیاہے اس حوالے سے پیپلزلیبر بیورو کے مرکزی چیف آرگنائزر شجاعت کاظمی ،پی ایس ایف مظفرآباد کے صدر سید علی رضا، پی ایس ایف ہٹیاں بالا کے صدر سید فخر عباس،ماجد اعوان ،پی وائی او کے مرکزی عہدیدار شجاعت عباس،اسد قریشی ، وسیم عباسی،شفقت ترین اور دیگر نے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ 10اگست کو پاکستان زندہ باد ریلی میں جوق درجو ق شرکت کرتے ہوئے اپنے قائد وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور چےئرمین پاکستان زندہ باد ریلی سید بازل علی نقوی کی طرف سے دئیے گئے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے سردھڑ کی بازی لگا دیں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریلی کو کامیاب بنا کراپنی سیاسی اور ملی بیدار ی کا ثبوت دیں۔