شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیرمیں نئی روح پھونکی،ادھورے مشن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا، مختار وازہ

جمعرات 7 اگست 2014 17:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اورجموں کشمیر پیپلز لیگ کے پا رٹی چیئر مین مختار احمد وازہ نے سینئر حریت رہنماء شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی چھٹی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ کی شہادت نے تحریک آزاد ی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔مختار احمد وازہ نے اسلام آباد کے علاقے ویری ناگ ڈورومیں ہفتہ شہادت کے سلسلے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ شہید شیخ عبد العزیز کے ادھورے مشن کو ہرصورت پائے تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ شہید شیخ عبد العزیزنے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ بھارت کی مختلف جیلوں میں گزار۔ وازہ نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 11اگست2008کو شیخ عبدالعزیز کو اس وقت گولی مارکر شہید کردیا تھا جب وہ جموں کے انہتا پسند ہندوؤں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک پر امن مار چ کی قیادت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنماء نے کہاکہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے تحریک آزاد ی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ صاحب نے ہمیشہ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔ مختار احمد وازہ نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور بڑے پیمانے پر نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے فلسطینی بھائیوں پر ظلم و بربریت کو پوری طرح محسوس کرتے ہیں کیو نکہ وہ بھی گزشتہ 66 برس سے بھارت کے ہاتھوں اسی طرح کی بربریت اور جارحیت کے شکار ہیں۔

مختار وازہ نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے قدامات اٹھائیں تاکہ جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن ہوسکے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 11 اگست سوموار کو شہید شیخ عبد العزیز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سرینگر کے مزار شہداء پہنچیں اور اجتماعی فاتحہ خوانی میں حصہ لیں۔ جلسے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔