تحریک حریت کا فلسطینیوں سے گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار

جمعرات 7 اگست 2014 17:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) تحریک حریت کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی نے غزہ فلسطین کے مظلوم اور کشت وخون کے شکار مسلمانوں سے گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کو ظلم و تشدد اور تہذیبی جارحیت کانشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ریاست کو ایک ہندو اسٹیٹ میں تبدیل کرنیکی سازش کر رہا ہے ۔

محمد اشرف صحرائی نے پلوامہ کے علاقے براو بنڈنہ میں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے بھارت کے ان مذموم عزائم اور حربوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت تہذیبی جارحیت کے ذریعے نہ صرف کشمیریوں کی اسلامی اور تہذیبی شناخت کومٹانا چاہتا ہے بلکہ کشمیری پنڈتوں کے الگ شہر بساکر لاکھوں غیر ریاستی مزدوروں،رنگ سازوں، ترکھانوں، گلکاروں اور نائیوں کو بسانے کے ذریعے مقبوضہ علاقے کے آبادی کے تناسب کو بھی بگاڑنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہاڑوں میں واقع ہر چشمے اور جھیل کو ہندو یاترا کے مقامات کا درجہ دینے سے جموں وکشمیرکوایک ہندو ریاست بنانے کے منصوبوں کو عملی شکل دینے کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہم جدوجہد آزادی کووسیع تر اتحاد کے ساتھ سرگرمی سے جاری رکھ کر اور بھارتی تسلط اور ظلم کو جاری رکھنے میں اس کی مددگارمقامی بھارت نواز سیاست دانوں اور پارٹیوں کو مسترد کر کے ہی بھارت اپنے ناکام کر سکتے ہیں ۔

اشرف صحرائی نے کہاکہ کشمیری آئندہ نام نہاداسمبلی کے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر کے دنیا اور بھارت کو یہ بتادیں گے کہ انہیںآ زادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں ہے۔حریت رہنماء نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے افسوس ظاہر کہ نہ تواقوام متحدہ اور نہ ہی اوآئی سی یاعالم اسلام اسرائیل کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کوئی کردار ادا کررہا ہے ۔