سی یو جے آزادکشمیر کے صحافیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے‘سید ابرارحیدر

جمعہ 8 اگست 2014 17:40

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اگست۔2014ء)آزادکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر سید ابرار حیدر نے کہا ہے کہ سی یو جے آزادکشمیر کے صحافیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔ تنظیم کو فعال متحرک بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ آزاد کشمیر بھر کے صحافیوں کے علاج معالجہ کیلئے 25 لاکھ روپے کی رقم مختص کروائی گئی ہے ۔

اور پی آئی ڈی میں اشتہارات کی مد میں بھی ایک کروڑ روپے کی رقم کا اضافہ کروایا گیا ۔ اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف تحریک کی گئی ہے ۔ صحافیوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ آزادکشمیر کے صحافیوں کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم بھی قائم کرینگے ۔ پریس فاؤنڈیشن کو فعال بنائیں گے ۔ پریس فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنر کے انتخابات کیلئے سی یو جے کے کارکنان بھرپور انداز میں تیاری کریں ۔

(جاری ہے)

اورپریس فاؤنڈیشن کے آمدہ انتخابات میں سی یو جے کے نامزد امیدواران کو کامیاب کروانے کیلئے تمام ممبرا ن اور عہدیداران کردارادا کریں۔سی یو جے کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے بانی راہنماؤں ، مرکزی و ضلعی عہدیداران سے مشاورت کے ساتھ بھرپور جدوجہد کرینگے۔سی یو جے ہی آزادکشمیر بھر کے صحافیوں کی اصل نمائندہ اور سب سے بڑی تنظیم ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے تنظیم کی مرکزی باڈی کے عہدیداران ضلعی صدور ، سیکرٹری جنرل صاحبان اور ممبران مجلس عاملہ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں مرکزی عہدیداران سینئر نائب صدر عمران ایوب ، مرکزی جنرل سیکرٹری ارشد محمودبٹ ، نائب صدر حافظ اشرف ،نائب صدرسید طاہر حسین، سابق صدور ممتاز شمیم ، محمد رمضان چغتائی ، سابق مرکزی سیکرٹری جنرل سردار اشتیاق،چوہدری جمیل شفیع صدر سی یو جے بھمبر ، صدر ضلع میرپور چوہدری پرویز شہزاد ،شہزاد احمد لولابی ، سید شبیر حسین گیلانی ، اظہر ملک، جاوید چوہدری ، محمد ظہیر الحسن،مسعود گردیزی، ظہور الرشیدو دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین بھی موجود تھے۔تنظیم کی آئین سازی کمیٹی کے قیام کے علاوہ دیگر اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔ مرکزی صدر نے کہا کہ سی یو جے آزادکشمیر کے صحافیوں کی سب سے بڑی فعال تنظیم ہے ۔ جس کو مزید فعال بنانے کیلئے تنظیم کے باقاعدہ اجلاس کئے جائیں ۔ ہمارا مقصد صحافیوں کے غضب شدہ حقوق کا حصول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے صحافی مساعد حالت میں کام کر رہے ہیں ان کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔ رہائشی کالونیوں کے حوالے سے تحریک جاری ہے تمام اضلاع سے ضلعی صدور 31 ، اگست تک فائلیں مکمل کر کے مظفرآباد پہنچائیں تاکہ اس پر کام مکمل کیا جاسکے ۔