سید علی گیلانی، اشرف صحرائی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت

ہفتہ 9 اگست 2014 20:03

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اگست 2014ء)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر نے تنظیم کے چیئرمین سیّد علی گیلانی اور جنرل سیکرٹری محمد اشرف کی گھر میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ نظر بند رہنماؤں کو جمعہ کی نماز پڑھنے سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے جو سراسر دینی معاملات میں مداخلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں کے علاوہ عام کشمیری نوجوانوں کو نہیں بخشا جا رہاہے اور بھارتی پولیس نے بڑے پیمانے پر ان کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے جیلوں میں ٹھونسا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوپور کے علاقے آدی پورہ کے رہائشی نوجوان فیصل احمد میر،صدیق الاسلام ،محمد رفیع میر ،وارِث احمد بٹ ،احسان احمد میر اورمحمد روف میر گذشتہ قریباََ دو ماہ سے بند ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا تحریک حریت کے رہنماؤں پیر سیف اللہ نے مرکزی جامع مسجد صفا پورہ،محمد یوسف فلاحی نے فرصل یاری پورہ کولگام،شیخ محمد رمضان نے ہاوورہ مِشی پورہ کولگام،بشیر احمد قریشی نے دو آبگاہ سوپور، صدر اضلاع کشتواڑ و ڈوڈہ ملک نور فیاض نے پْل ڈوڈہ، صدر اضلاع سرینگر و گاندربل راجہ معراج الدین کلوال نے جامع مسجد کورگ گاندربل،صدر ضلع کوکگام محمد شعبان نے شوچ کولگام، صدر ضلع شوپیان شکیل احمد ایتو نے گنڈِ درویش شوپیان، صدر ضلع بانڈی پورہ رئیس احمد میر نے مرکزی جامع مسجد حاجن،فاروق غوطہ پوری نے ناگہ بل گاندر بل، سیکریٹری ضلع پلوامہ شکیل احمد نے کھیلن پلوامہ، سیکریٹری ضلع بانڈی پورہ سلمان یوسف نے خانقاہ مسجد حاجن، سیکریٹری ضلع شوپیان محمد امین آہنگر نے مانلو زوورہ شوپیان، صدر تحصیل ہندواڑہ حبیب اللہ گوجری نے وجہ ہامہ ہند واڑہ،معراج الدین ربانی نے کھنموہ اوردانش احمد نے خیار بانڈی پورہ میں تنظیم کی عوامی رابطہ مہم کے تحت عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔