تحصیل انتظامیہ کہوڑی پٹہکہ بائی پاس روڈ پر ٹرانسپورٹ چلانے میں مکمل ناکام

پیر 11 اگست 2014 17:23

پٹہکہ نصیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء)تحصیل انتظامیہ کہوڑی پٹہکہ بائی پاس روڈ پر ٹرانسپورٹ چلانے میں مکمل ناکام۔ عوامی درخواستیں نظرانداز۔اسسٹنٹ کمشنر پٹہکہ ٹرانسپوٹرز کے سامنے بے بس۔ عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا۔عوام علاقہ کا احتجاج۔تفصیلات کے مطابق کہوڑی پٹہکہ بائی باس روڈ پر گزشتہ ایک سال سے ٹرانسپورٹرز نے آنکھ مچولی شروع کر رکھی ہے۔

عوام علاقہ اسحاق مغل ،طاہر مغل،ملک عبدالرحیم، طارق خان، ظہیر ملک، محمد ناصر،سید باقر حسین شاہ ودیگر نیبتایا کہ عوامی احتجاج پر کچھ دن گاڑیاں روڈ پر چلتی ہیں اسکے بعد وہ پھر اپنی مرضی سے روٹ تبدیل کر دیتے ہیں۔ حالانکہ بھیڑی بٹدرہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چلنے والی گاڑیوں کو کہوڑی بائی پاس روڈکا روٹ پرمٹ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن ٹرانسپورٹرز اپنی مرضی سے روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہیں جس کیوجہ سے بائی پاس روڈ پر واقع علاقوں پرسچہ،بنڈکہ،گھنڈی پیراں،پھاگلہ،ڈوبہ ،میرا اور دیگر گاؤں کے عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سرکاری ملازمین اور طلبا بروقت حاضر نہیں ہوسکتے۔عوام علاقہ نے بتایا کہ اگر کوئی بیمار ہو جائے تو ٹرانسپورٹ نہ وہونے کیوجہ سے دشوار ی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے وزیر ٹرانسپورٹ ،چیف سیکرٹری،کمشنر مظفرآباد اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کا فوری حل کریں اور اسسٹنٹ کمشنر پٹہکہ اور دیگر ذمہ داران سے باز پرس کرتے ہوئے انکے خلاف کارروائی کریں۔