سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کے لئے سندھ کی جیلوں کو جدید سائنسی آلات اور اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے،منظور وسان ،کراچی ‘ حیدرآباد اور سکھر کی جیلیں سیکیورٹی نقطہ نظر سے زیادہ حساس ہیں،بم پروف دیواریں تعمیر کی جائیں گی ،وزیر جیل خانہ جات سندھ کا تقریب سے خطاب

پیر 11 اگست 2014 19:33

سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کے لئے سندھ کی جیلوں کو جدید سائنسی آلات اور ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء) سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ‘ انسداد بدعنوانی و معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے پیر کی صبح سینٹرل جیل کراچی میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کی جیلوں کے لئے فراہم کئے جانے والے جدید اسلحہ اور سیکیورٹی ساز و سامان کو آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت حسین منگن اور سندھ کی جیلوں کے جیل سپرنٹنڈنٹس و سینئر افسران کے حوالے کیا ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کے لئے سندھ کی جیلوں کو جدید سائنسی آلات اور اسلحے سے لیس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ‘ حیدرآباد اور سکھر کی جیلیں سیکیورٹی نقطہ نظر سے زیادہ حساس ہیں لہذا ان جیلوں کے اطراف بم پروف دیواریں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کے لئے جامشورو میں ہائی سیکیورٹی جیل بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے جس پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی ۔

جبکہ کراچی سینٹرل جیل اور جیونائل جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی تعداد کے پیش نظر کراچی میں دو نئی جیلوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات مہیا کی جاسکیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے بتایا کہ سندھ کی جیلوں کو 200 عدد G-3 رائفلز ‘ 250 عدد SMG رائفلز ‘ شاٹ گن بارا بور 100 عدد ‘ 250 عدد 9.M.M پستول اور بڑی تعداد میں ایمونیشن فراہم کردیا گیا ہے ۔

جبکہ سندھ بھر کی جیلوں کو موبائل فون جیمرز ‘ سیکیورٹی سرویلنس کیمرے ‘ پاور لائٹ ڈیزل جنریٹرز ‘ فلڈ سیکیورٹی لائٹس ‘ بلٹ پروف ہیلمٹ ‘ بیگج اسکیننگ مشین‘ میٹل ڈی ٹیکٹرز ‘ واک تھرو گیٹس ‘ واکی ٹاکی ‘ ربر کی گولیاں اوردیگر جدید ساز و سامان مہیا کیاجارہا ہے ۔اس موقع پرصحافیوں کے سوالات کے جواب میں منظور حسین وسان نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ اگست کا مہینہ حساس ہے۔ کچھ لوگ جیلوں سے رہا ہوں گے ۔ کچھ جیلوں میں آئیں گے ۔ پیپلز پارٹی کسی غیر قانونی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی ۔ ہمیں عام انتخابات کی خواہش تھی لیکن مڈٹرم بھی ہوئے تو اعتراض نہیں ہوگا ۔