وزیراطلاعات وزراعت بازل علی نقوی کا کہوڑی مرکز زراعت کا اچانک دورہ‘تمام غیر حاضرعملہ معطل کر دیاگیا

منگل 12 اگست 2014 13:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء)وزیرا طلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی کا کہوڑی میں مرکز زراعت کا اچانک دورہ ،تمام عملہ غیر حاضر پایا گیا ،وزیر زراعت نے تمام عملہ کو معطل کر دیا ،عوام علاقہ کا وزیر حکومت کے فیصلے کا زبردست خیرمقدم ،اس موقع پر سید بازل علی نقوی نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کی خدمت کے لیے ہیں اگر وہ گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں لیں گے تو حکومت یہ قطعا برداشت نہیں کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کام چوری ایک تو حرام ہے دوسرا کام چور سرکاری ملازم عوام کا بھی گناہگا رہے کیونکہ وہ ریاست کا نقصان کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کا دورہ کروں گا تاکہ زراعت و لائیو سٹاک مراکز کی کارکردگی خود دیکھ سکوں اور عوام سے بھی معلوم کروں کہ یہ مراکز انہیں کیا کیا سہولتیں فراہم کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے میرے بازو ہیں ان کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی مگر کام نہ کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں زراعت و لائیوسٹاک میں ترقی کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھاکر خود کفالت کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کسی بھی ملک کی معشیت میں ریڈکی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسلیئے حکومت اس شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنجرزمینوں کوآباد کرکے آزاد خطہ میں بے روزگاری کے مسئلہ پر قابو پایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ زمینداری میں دلچسپی لیں سبزیاں اگائیں جانوروں کو پالیں تاکہ ان کی گھریلو معشیت بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے متاثر نہ ہوں انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ لوگوں کے پاس ضروری اشیاء صرف گھرہی میں پیدا کی جاتی تھیں اس سے گھرانہ خوشحال ہوتا تھا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پھراس دور کو واپس لائیں انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی حاضری کو یقینی بنائیں کیونکہ ان کا واسطہ ہر وقت لوگوں سے رہتا ہے انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں انقلاب کے بغیر آگے بڑھناممکن نہیں ہے اسلیئے میں اس بات کو یقینی بناوں گا کہ اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو سہولتیں فراہم کروں انہوں نے کہا کہ محکمہ میں اصلاحات لاکر جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے کیلئے محکمہ کو وافر فنڈبھی فراہم کیئے جائیں گے وزیرزراعت نے کہا کہ عوام بہت جلد تبدیلی محسوس کریں گے۔

اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد کہوڑی مرکز زراعت میں جمع ہو گئی اور کہا کہ یہاں عملہ کبھی حاضر نہیں ہوتا ۔انہوں نے وزیر زراعت و لائیو سٹاک کے اچانک دورے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وزیر حکومت عوا م کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے جس طرح متحرک رہتے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔