آزاکشمیر میں محکمہ سیاحت کے گیسٹ ہاوسز پر وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے مہمانوں کا قبضہ ،کمروں کی بکنگ کے باوجود سیاح خوار ہونے لگے

منگل 12 اگست 2014 19:34

باغ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اگست 2014ء)آزاکشمیر میں محکمہ سیاحت کے گیسٹ ہاوسز پر وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے مہمانوں کا قبضہ ،کمروں کی بکنگ کے باوجود سیاح خوار ہونے لگے،تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر میں سیاحوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے جہاں پرائیویٹ سیکٹر میں سیاحوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے وہی محکمہ سیاحت کے تحت ریسٹ ہاوسز پر وزیر اعظم ،چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کے مہمانوں نے عام سیاحوں کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے کمروں پر قبضہ کررکھا ہے ۔

گذشتہ ہفتہ مظفرآباد کے سیاحتی مقام سراں پیرچناسی میں پاکستان سے آئے مہمان ملک ارشد کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ اجب وزیر اعظم اور ان کے سیکرٹری شوکت جاوید میر کے مہمانوں نے کمرے چھوڑنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ جس کو مرضی ہے بتائیں ،کمرے خالی نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

حالانکہ ملک ارشد محکمہ سیاحت کی طرف سے کمروں کی بکنگ کی کنفرمیشن کے بعد فیملی سمیت سراں پیرچناسی پہنچے تھے ۔

ملک ارشد نے بتایا کہ آزادکشمیر خوبصورت مقامات سے مالامال ہے اور پاکستان سے لوگ خوشی سے ان علاقوں کا رخ کررہے ہیں لیکن جب کمروں کی کنفرمیشن کے باوجود سیاحو ں کے ساتھ حکومت آزادکشمیر اور ان کے مہمان توہین آمیزرویہ اپنائیں تو کیسے سیاحت ترقی کرسکے گی ۔سراں پیرچناسی سمیت وادی نیلم کے معروف سیاحتی مقامات کیرن ،شاردہ ،اپرنیلم ،کیل ،کٹن ،سدھن گلی وغیرہ میں بھی سرکاری مہمانوں کی جانب سے کمروں پر قبضہ کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ سیاحت کے آفیسران عملا بے بسی کی تصویربنے بیٹھے ہیں ۔