تحریک حریت کی جھوٹے مقدمات میں حریت رہنماؤں ، کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت

جمعہ 22 اگست 2014 16:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر نے بھارتی پولیس کے ہاتھوں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی جھوٹے مقدمات کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ تحریک حریت جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے بے بنیاد مقدمات کے تحت حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک حریت شعبہ دعوت وتبلیغ کے محمد یوسف فلاحی کو 9اگست کو شوپیان کی ایک عدالت سے باہر آتے ہوئے گرفتار کیا گیاتھا اور عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا ۔محمد اشرف صحرائی نے کہاکہ شوپیاں کے رہائشی تحریک حریت کے رکن طارق احمد شیخ کو بھارتی پولیس نے 19اگست کوتھانے بلاکرتشدد کا نشانہ بنایا اور نظر بند کر دیا۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بھارتی پولیس کی ان چیرہ دستوں کی شدید مذمت کی۔ادھر تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین علی گیلانی اور اشرف صحرائی نے تحریک حریت کے رکن بشیر احمد صوفی کے بھائی جاوید احمد صوفی کے سعودی عرب میں ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے پر اپنے گہرے رنج وغم کا اِظہار کرتے ہوئے ٹیلیفون پر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔