استحکام پاکستان، وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے بہاول پور کے سیاسی قائدین اور ورکروں کی ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بہاول پور شہر میں ایک پر امن ریلی

پیر 25 اگست 2014 17:50

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) استحکام پاکستان، وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے بہاول پور کے سیاسی قائدین اور ورکروں نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بہاول پور شہر میں ایک پر امن ریلی کے انعقاد کا اہتمام کیا۔ ریلی کی قیادت وفاقی وزیر مملکت تعلیم و امور داخلہ بلیغ الرحمن ، صوبائی وزیر کوآپریٹیو ملک اقبال چنڑ اور پروین مسعود بھٹی کر رہی تھیں۔

ریلی میں ممبران اسمبلی خالد محمود وارن، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ ناز، قاضی عدنان فرید، صبیحہ ناز، کاظم پیرزادہ، شعیب اویسی، ضلعی جنرل سیکریٹری جے یوآئی بہاول پور علامہ شفقت الرحمان، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) اعجاز چنڑ، سابق ایم پی اے حاجی ذوالفقار، عقیل نجم ہاشمی اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھیَ ریلی صوبائی وزیر کوآپریٹیو ملک اقبال چنڑ کی رہائش گاہ سے لاری اڈہ، فرید گیٹ، چوک فوارہ سے ہوتی ہوئی ریلوے چوک اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وفاقی وزیر مملکت امور تعلیم و داخلہ بلیغ الرحمن کی رہائش گاہ سے ایک بڑا قافلہ مرکزی ریلی میں شریک ہوا۔اسی طرح ماڈل ٹاؤن اے سے سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا طارق اور صدر چیمبر آف کامرس امیر یوسف علی کی زیر قیادت بھی ایک قافلہ ریلی میں شریک ہوا۔ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں اور موٹر سائیکل شامل تھیں۔ شرکاء نے قائد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے اظہار یکجہتی پرمبنی پلے کارڈ، پوسٹر اور بینر اٹھائے ہوئے تھے جبکہ ملی نغموں پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔