معیار تعلیم کے فروغ کیلئے یکساں نصاب ناگزیر ہے، چوہدری صبور احمد

جمعہ 29 اگست 2014 16:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما چوہدری صبور احمد نے کہا ہے کہ معیار تعلیم کے فروغ کیلئے یکساں نصاب ناگزیر ہے۔ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں‘ پستیوں سے بلندی کی طرف جانے کیلئے تعلیم ناگزیر ہے‘ حدیث نبویﷺ ہے کہ ماں کی گود سے گور تک علم حاصل کرو اور یہاں تک بھی فرمایا کہ علم حاصل کرو چاہے تمہیں چین جانا پڑے۔

دنیا میں جتنی ترقی ہوئی ہے وہ تعلیم کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئرپورٹ میں النور ماڈل سکول اینڈ ڈگری کالج میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی کہ وہ ایک ایسے ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جن کے اساتذہ کی شب روز محنت سے آج کوئی ڈاکٹر اور انجینئر ‘ پائیلٹ ‘ سیاستدان موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ایسے ادارے اور موجود ہوں تو حلقہ لچھراٹ میں ترقی کو کوئی روک نہیں سکتا‘ اندھیروں سے نکل کر ہمیں روشنی کی طرف آنا ہے اور وہ روشنی صرف تعلیم ہی کی بدولت ممکن ہے۔ چوہدری صبور احمد جب تقریب میں پہنچنے تو فقیدالمثال استقبال کیا گیا‘ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات نے انہیں ہار پہنائے ۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کے دوران مزید کہا کہ حلقہ لچھراٹ میں تعلیمی انقلاب مشن ہے جس کے حصول کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا۔

یکساں نصاب تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے ترقی کی منازل طے کرنا انتہائی مشکل ہے جن بچوں نے اردو میڈیم سکول میں پڑھا ہوتا ہے وہ جب آگے انگلش میڈیم کے ادارے میں جاتے ہیں انہیں مشکلات درپیش آتی ہیں جبکہ نصاب یکساں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لچھراٹ کے اندر بہت درجنوں ایسے دیہات موجود ہیں جہاں سکولوں کی چھت تک میسر نہیں ہے اور نہ ہی صحت کی سہولیات میسر ہیں۔

حلقہ لچھراٹ کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنے کیساتھ ساتھ پڑھے لکھے اساتذہ کو بیرون ملک لے جا کر یونیورسٹیوں کالجز کے اساتذہ کے ساتھ نشست کروانا چاہتا ہوں تاکہ جو کمی بیشی ہو وہ دور ہوسکے۔ علاوہ ازیں سکول و ڈگری کالج کی انتظامیہ نے چوہدری صبور کا تقریب آمد پر شکریہ ادا کیا اور حوصلہ افزائی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :