ملک افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاسی قوتیں افہام وتفہیم سے مسائل حل کریں، محمد طاہر کھوکھر

ہفتہ 30 اگست 2014 17:28

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی‘ وزیرٹرانسپورٹ وامدادباہمی طاہرکھوکھرنے کہا ہے کہ ملک افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ تمام سیاسی قوتیں افہام و تفہیم سے مسائل حل کریں‘ ایک سازش کے تحت مسلح افواج کی ساکھ مجروح کی گی جس کی مذمت کرتے ہیں اپنے ایک بیان میں طاہرکھوکھرنے کہا کہ اگر قائد تحریک الطاف حسین بھائی کے مشوروں پر حکومت عمل کرتی تو اسے یہ دن نہ دیکھنے پڑتے ‘ موجودہ بحرانی کیفیت میں جب ہر سیاسی جماعت ڈبل گیم کرتے ہوئے اپنے مفادات کا تحفظ کرتی رہی قائد تحریک الطاف حسین بھائی جوملک و قوم کی بہتری اور عوام کی فلاح کیلئے جس دردمندی اور فکر سے مصالحتی کردار ادا کیااور حکومت اور تحریک انصاف و عوامی تحریک کے خونی ٹکراؤ کو روکا پاکستان کی تاریخ میں ان کاکردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا- انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہرذی شعور اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہے کہ ملک گزشتہ 15 ، 20 روز سے انتہائی نازک ترین صورتحال سے دوچار ہے ، فکرمند اورپریشان ہے اور دعا گوبھی ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ملک کو قائم ودائم رکھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1971ء میں پاکستان میں مارشل لاء کی حکومت تھی اور بدقسمتی سے مغربی پاکستان سے جیتنے والی جماعت کے لیڈروں نے سابقہ مشرقی پاکستان کی جماعت کو حاصل عوامی مینڈیٹ تسلیم نہ کرتے ہوئے یہ کہاکہ ”اُدھر تم ، ادھرہم “ یعنی آپ وہاں حکومت کریں اور ہم یہاں حکومت کریں،یہ رویہ اتنا آگے بڑھا کہ ملک ہی تقسیم ہوگیا اور یہاں کی حکومت کی بات آئی اور نہ وہاں کی ۔

ملک میں جاگیرداروں ، وڈیروں ، سرمایہ داروں اور فوجی جرنیلوں کے مشترکہ مفادات کے تحت اقتدار آتے جاتے رہے لیکن اس کے نتائج سے کسی نے بھی سبق نہیں سیکھاکہ اقتدار کے اس کھیل میں ملک کی معاشی صوتحال کتنی آگے بڑھی، ملک میں کیاکیا ترقیاتی کام ہوئے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کتنے اسکول، کالج اوراسپتال قائم کیے گئے ۔اس کی کسی کو کوئی پروا نہیں-انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے فرسودہ جاگیردارانہ ماحول میں جنم لینے کے باوجود غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کا صرف نعرہ ہی بلندنہیں کیا بلکہ غریب ومتوسط طبقہ کی تعلیم یافتہ اور ایماندار افراد کو سینیٹ، قومی اورصوبائی اسمبلی کے ایوانوں میں بڑے بڑے جاگیرداروں اوروڈیروں کے برابر بٹھادیا جہاں کوئی غریب آدمی بیٹھنے کاتصورتک نہیں کرسکتا تھا۔

ایم کیوایم کے حق پرستانہ فکروفلسفہ اور پیغام کو دبانے کیلئے استحصالی قوتوں نے لسانی فسادات کرائے لیکن ہم ڈٹے رہے اور قربانیاں دیتے رہے ، ایم کیوایم کے شہیدوں سے قبرستان بھرگئے ،قائد تحریک کے بڑے بھائی اوربھتیجے کو بھی شہیدکردیا گیا ، قائد تحریک 22 سال سے جلاوطنی کی زندگی گزاررہے ہیں اتنی صعوبتوں کے باوجود ایم کیو ایم نے پوری قوت سے حق پرستی کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ حکومت ہٹ دھرمی کی پالیسی چھوڑے اور مذاکرات کی میز پر مسائل کا حل نکالے ورنہ ملک او جمہوریت کونقصان پہنچنے کی صورت میں قوم اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی-