معاشی ترقی کیلئے سیاحت اور زراعت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے‘ڈاکٹر تاشفین خان

پیر 1 ستمبر 2014 15:08

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) آزاد جموں و کشمیر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری برائے پلاننگ ایند ڈیوپلمنٹ ڈاکٹر تاشفین خان نے کہا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر کمیونٹی سطح کے قرضہ جات کی فراہمی سے ریاست کی معیشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ جبکہ معاشی ترقی کیلئے سیاحت اور زراعت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روزیہاں کشمیر بینک کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

اس اعلیٰ سطح کے اجلاس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں اقتصادی وسماجی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ذرائع کی نشاندہی تھا۔ جبکہ اس مقصد کے لئے ریاست میں قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی اور ان کی تکمیل کے لئے مالی وسائل کی فراہمی پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکاء اجلاس نے اپنی قیمتی تجاویز و آراء پیش کیں۔ کشمیر بینک کے ایم ڈی فضل الرحمان نے اجلاس میں قابل عمل ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مالی وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر تاشفین خان نے ریاست میں سیاحت اور زراعت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قابل عمل ترقیاتی منصوبوں کے لئے ریگولیٹری فریم ورک تیار کیا جا نا چاہیئے تاکہ فنڈز کا درست اور با مقصد استعمال یقینی بن سکے۔ریاست کی ثقافت اور ماحول کو سامنے رکھ کر منصوبے شروع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔تا کہ وہ آگے بڑھ کرریاست کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔آزاد خطے میں ایسے پروجیکٹ شروع کئے جائیں جن کے کثیر الجہتی فوائد ہوں اور جن کے ثمرات ریاستی عوام سمیٹ سکیں۔

متعلقہ عنوان :