غیر قانونی ‘ غیر آئینی اقدامات کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ‘ چوہدری احسن منظور

پیر 1 ستمبر 2014 17:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و چیئرمین نوازشریف لورز چوہدری احسن منظور نے کہا ہے کہ کہا ہے کہ غیر قانونی ‘ غیر آئینی اقدامات کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔ ملک کو کمزور کرنیوالے اغیار کی سازشوں کو تقویت پہنچا رہے ہیں ‘ پوری قوم ایسے لوگوں کے کردار سے واقف ہو گئی ہے ۔

پی ٹی وی ‘ وزیراعظم سیکرٹریٹ اور وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کرنیوالے ملک کے خیر خواہ کسی صورت نہیں ہوسکتے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوازشریف لورز کے زیر اہتمام منعقدہ نوازشریف زندہ باد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ضلعی جنرل سیکرٹری شوکت گنائی ایڈووکیٹ‘ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری شعبہ خواتین نصرت شہناز درانی‘ سینئر نائب صدر حلقہ 3 ندیم خالد پلہاجی سمیت دیگر نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شوکت گنائی ایڈووکیٹ نے کہا کہ قادری اور عمران خان کا کردار ملک کی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے‘ عمران سیاست کے اندر غیر سنجیدہ شخصیت ثابت ہوئے ہیں۔ ملک میں انتشار پھیلانے سے باز رہیں خواتین اور معصوم بچوں کو ڈھال بنا کر کون سی جمہوریت کو پروان چڑھا رہے ہیں ہوش کے ناخن لیں۔ پاکستان کے موجودہ حالات کے ذمہ دار طاہر القادری اور عمران خان ہیں جس پر پوری قوم شرمندہ ہے۔

یہ انقلاب اور آزادی مارچ کے نام پر دھرنے قابل مذمت ہیں۔ آئین اور قانون میں اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ منتخب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے استعفیٰ طلب کیے جائیں اور اسمبلیاں تحلیل کی جائیں۔مقررین نے کہا کہ ہم اس بات کے حامی ہیں کہ جائز مطالبات کو حکومت سنجیدگی سے حل کرے گی۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں بالخصوص جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، دیگرجماعتوں نے اپنا احسن کردار نبھاتے ہوئے جمہوریت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا جو مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کی ہے۔ لیکن آئین سے تصادم پر اقدام کی بھرپور مخالفت کی ہے۔ پاکستان کی بقاء جمہوریت میں ہے۔ تصادم کسی مسئلہ کا حل نہیں اور نہ ہی طاقت غصہ اور جبر میں ہونی ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی ‘ شہدائے افواج پاکستان ‘ شہدائے کشمیر کیلئے دعا کی گئی ۔