ایڈہاک ازم کے خاتمے کیلئے پبلک سروس کمیشن برق رفتار سے التواء کا شکار بھرتیوں کا کام مکمل کرے ،چوہدری عبدالمجید

جمعرات 4 ستمبر 2014 17:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 ستمبر۔2014ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پبلک سروس کمیشن برق رفتار سے التواء کا شکار بھرتیوں کا کام مکمل کرے تاکہ ایڈہاک ازم کا خاتمہ ہو سکے۔ کمیشن کے تمام ممبران ہر طرح کے تعصبات اور خوف و دباؤ سے بالاتر ہو کر قوم کو اہل، مستعد اور قابل سول سرونٹس چن کر دیں تاکہ آزاد خطہ کے اندر عوام کو گڈ گورننس میسر آتی رہے۔

کسی کی بھی سفارش کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں اور میرٹ کے مطابق بلا تخصیص برادری و علاقہ لوگوں کو موقع دیں۔ وہ جمعرات کے روز یہاں وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں چیئرمین پبلک سروس کمیشن کی سربراہی میں نئے کمیشن کے اراکین سے تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر کمیشن کے سیکرٹری اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ تمام اراکین کو اچھی شہرت رکھنے پر اور نیک نیتی کے تحت تقررکیا گیا تاکہ آزاد کشمیر میں ایڈہاک ازم کا خاتمہ ہو۔

تاخیر کا شکار خالی اسامیاں جلد پُر ہوں اور عام امیدواروں کو بروقت نوکری ملے اور خطے میں گڈ گورننس کیلئے فعال مشینری دستیاب ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کسی کی بھی سفارش کو خاطر میں نہ لائیں اور اللہ تعالیٰ کو حاضر جانتے ہوئے ضمیر کے مطابق میرٹ پر فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ سے ہٹ کر سفارش پر بھرتی کیے گئے ملازم کو قوم 40 سال تک بھگتی ہے۔

میرٹ سے ہٹ کر لگایا گیا ملازم اپنے ساتھ پورے سسٹم کو آلودہ کرتا ہے۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے پبلک سروس کمیشن کے سابق اراکین کی خدمات کو بھی سراہا۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ موجودہ کمیشن پر حکومت اور عوام کا مکمل اعتماد ہے اور آپ لوگ اس اعتماد پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ دن رات کام کر کے بھرتیوں کا کام مکمل کریں اور ذاتی مجبوریوں کو بھی اپنے کام کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔

دفاتر میں مستقل بنیادوں پر بیٹھیں۔ آپ پر حکومت کا کسی قسم کا کوئی پریشر نہیں ہو گا۔ حکومت آپ کے مسائل کو حل کر کے آپ کو آزادانہ ماحول میں کام کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرے گی۔ آپ سب نے سول سروس میں بہترین خدمات سرانجام دے دی ہیں۔ اپنی قابلیت، صلاحیت اور ایمانداری کو اپنی قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے وقف کر دیں۔ یہ ادارہ امراء اور باثر افرادکیلئے نہیں بلکہ یہ عام لوگوں اور خلق خدا کیلئے بھی ہے۔

یہاں سے سب کو انصاف ملنا چاہیے۔ یہاں سے جو پنیری سلیکٹ ہو گی اس کا پھل قوم کھائے گی۔ اس موقع پر چیئرمین پبلک سروس کمیشن اور اراکین نے حکومت کی طرف سے ان پر مکمل اعتماد اور آزادانہ ماحول میں کام کرنے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ صرف اور صرف میرٹ اور اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق کام کریں گے۔ ان کے کوئی دنیاوی مفادات نہیں ہیں۔ انہیں اللہ کے پاس جواب دہ ہونا ہے۔ اس موقع پر پر پبلک سروس کمیشن کے لیے مناسب عمارت اور دیگر سہولیات جلد فراہم کرنے کی حکومت کی طرف سے یقین دہانی بھی کرائی گئی#