بارشوں اورسیلاب سے قیمتی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے، سید علی گیلانی

جمعہ 5 ستمبر 2014 15:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 ستمبر۔2014ء) تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی نے موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی سیلابی صورتحال اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحریک حریت کے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جملہ تنظیمی سرگرمیاں معطل کرکے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔

ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا سیلاب ، شدید برف باری اور اس طرح کی دیگر ناگہانی صورت میں قابض انتظامیہ بری طرح سے ایکسپوز ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ کے پاس ناگہانی آفات سے نپٹنے کا کوئی انتظام ہوتا ہے اور نہ اس نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت کوئی تیاری کی ہوتی ہے۔سید علی گیلانی نے جان ومال کے بھاری نقصان پر اپنے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ لوگوں کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار اور جان بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے صبرو جمیل کیلئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال سے نجات پانے کیلئے عقلی تدابیر کیساتھ ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ کے حضور میں خصوصی دُعاوٴں کا اہتمام بھی کریں۔ سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کی بے حسی اور غیر ذمہ داری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بیشتر علاقوں میں لوگ زبردست مشکلات میں پھنس گئے ہیں اور ان کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہروں ،قصبوں اور دیہات میں پانی گھروں کے اندر داخل ہوگیا ہے اور اس کی نکاسی کا کوئی معقول انتظام دستیاب نہیں ہے۔ادھر سید علی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کے مرکزی راہنماوٴں راجہ معراج الدین، محمد یوسف مجاہد، ڈاکٹر غلام محمد گنائی اور عبدالحمید ماگرے پر مشتمل ایک وفدنے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اوربزرگ رہنما کو رپورٹ پیش کی۔