حریت رہنماؤں کاشدید بارشوں، سیلابوں اور تودے گرنے سے ہونیوالے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس

جمعہ 5 ستمبر 2014 15:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 ستمبر۔2014ء) حریت رہنماؤں نے مقبوضہ علاقے میں شدید بارشوں ،سیلابوں اور تودے گرنے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری بیان میں مقبوضہ وادی کشمیر میں بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ اس ناگہانی آفت کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح درہم برہم اور بڑی تعداد میں لوگ جاں بحق ہو گئے ہیں۔میرواعظ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہاراافسوس کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل کی اس گھڑی میں انسانی ہمدردی کے جذبہ کے تحت متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے پورے مقبوضہ علاقے میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ دعا و مناجات اور استغفار کرے تاکہ خدا وند کریم اپنے کرم سے اس مصیبت سے نجات عطا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تباہ کن صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم من حیث القوم باہمی اخوت و رواداری اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے مشترکہ طور پیدا شدہ صورت حال کا مقابلہ کریں۔انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کے علاوہ فلاحی اور دینی تنظیموں پر بھی زوردیا کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں لاکھوں متاثرین کی مدد کریں۔ دریں اثناء جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امیر محمد عبداللہ وانی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شدید بارش کے نتیجے میں آنے والی طغیانی اور تودے گرنے سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دُکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے جماعت کے کارکنوں کو امدادی کاموں میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا جو لوگ گھروں اور دیگر ساز و سامان سے محروم ہوئے ہیں اُن کی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کر کے خدمت خلق کا بھر پور مظاہرہ کیا جانا چاہئے، جماعت اسلامی نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی سے نکلنے کیلئے اللہ رب العزت سے مدد مانگیں۔

متعلقہ عنوان :